amit shah 1

مرکزی وزارت داخلہ کا اہم فیصلہ ، لداخ کو پانچ نئے اضلاع ملیں گے

نئے تشکیل شدہ اضلاع سے لداخ میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ امت شاہ

سرینگر// مرکزی وزارت داخلہ نے لداخ کیلئے نئے پانچ اضلاع کے قیام کے منصوبے کو منظوری دی ہے ۔ اس ضمن میں وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ لداخ میں اس سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ امت شاہ نے کہا کہ اس فیصلے کے ساتھ نئے اضلاع – زنسکار، دراس، شام، نوبرا اور چانگتھنگ – ہر گوشے میں گورننس کو تقویت بخشتے ہوئے عوام کو ان کی دہلیز تک ان کے فائدہ پہنچائیں گے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق ایک ترقی یافتہ اور خوشحال لداخ کی تعمیر کے وزیر اعظم نریندر مودی کے خاب کو شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پانچ نئے اضلاع کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ایکس’ پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں اس تاریخی فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ نے کہا کہ اس فیصلے کے ساتھ نئے اضلاع – زنسکار، دراس، شام، نوبرا اور چانگتھنگ – ہر گوشے میں گورننس کو تقویت بخشتے ہوئے عوام کو ان کی دہلیز تک ان کے فائدہ پہنچائیں گے۔ ان پانچ اضلاع کی تشکیل کے بعد اب لداخ میں کل سات اضلاع ہوں گے جن میں لیہہ اور کارگل شامل ہیں۔لداخ رقبے کے لحاظ سے ایک بہت بڑا مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے۔ اس وقت لداخ میں دو اضلاع ہیں – لیہہ اور کارگل۔ یہ ہندوستان کے سب سے کم آبادی والے علاقوں میں سے ایک ہے۔ انتہائی دشوار گزار اور ناقابل رسائی ہونے کی وجہ سے اس وقت ضلعی انتظامیہ کو نچلی سطح تک پہنچنے میں بہت سی مشکلات کا سامنا رہتا آیا ہے۔ ان اضلاع کی تشکیل کے بعد اب مرکزی حکومت اور لداخ انتظامیہ کی تمام عوامی فلاحی اسکیمیں عوام تک آسانی سے پہنچ سکیں گی اور زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وزارت کا یہ اہم فیصلہ لداخ کی ہمہ جہت ترقی میں بہت مفید ثابت ہوگا۔پانچ نئے اضلاع کی تشکیل کے لیے “اصولی منظوری” دینے کے ساتھ ہی وزارت داخلہ نے لداخ انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ نئے اضلاع کی تشکیل سے متعلق مختلف پہلووں جیسے ہیڈکوارٹر، حدود، ڈھانچہ، عہدوں کی تخلیق، ضلع کی تشکیل سے متعلق کوئی دوسرا پہلو وغیرہ کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے اور تین ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے۔ مذکورہ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ اس رپورٹ کی بنیاد پر نئے اضلاع کی تشکیل کی حتمی تجویز مزید کارروائی کے لیے وزارت داخلہ کو بھیجے گا۔مرکز کی نریندر مودی حکومت لداخ کے لوگوں کے لیے بے پناہ امکانات پیدا کرنے کی خاطر پوری طرح پْرعزم ہے۔