جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس کا نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد

اقتدار کے لالچ کو پورا کرنے کیلئے ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کانگریس پارٹی کے مذموم مقاصد بے نقاب

سرینگر // جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوران نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد پر کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے دفعہ 370 اور 35A کی منسوخی کے بعد دلتوں، قبائلیوں، پہاڑیوں اور پسماندہ برادریوں کے خلاف برسوں سے جاری امتیازی سلوک کو ختم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار کے لالچ کو پورا کرنے کیلئے بار بار ملک کے اتحاد اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کانگریس پارٹی نے جموں و کشمیر کے انتخابات میں عبداللہ خاندان کے ساتھ اتحاد کرکے ایک بار پھر اپنے مذموم مقاصد کو بے نقاب کردیا ہے۔ سی این آئی کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوران نیشنل کانفرنس کے ساتھ کانگریس کے اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے دفعہ 370 کے بعد دلت کے لئے ریزرویشن سمیت دیگر مسائل پر راہول گاندھی سے 10 کئی سولات کئے ۔ امیت شاہ نے ایکس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا ’’مودی حکومت نے دفعہ 370 اور 35A کی منسوخی کے بعد انہیں تحفظات دے کر دلتوں، قبائلیوں، پہاڑیوں اور پسماندہ برادریوں کے خلاف برسوں سے جاری امتیازی سلوک کو ختم کیا‘‘۔انہوں نے سوالیہ انداز میں پوچھا کیا راہول گاندھی جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے منشور کی حمایت کرتے ہیں، جس میں دلتوں، گجروں، بکروالوں اور پہاڑیوں کے تحفظات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے؟نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد کے بعد اب انہیں ریزرویشن پالیسی پر کانگریس پارٹی کے موقف کو واضح کرنا چاہئے۔امیت شاہ نے کہا ’’اقتدار کے لالچ کو پورا کرنے کیلئے بار بار ملک کے اتحاد اور سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کانگریس پارٹی نے جموں و کشمیر کے انتخابات میں عبداللہ خاندان کی ’’نیشنل کانفرنس ‘‘کے ساتھ اتحاد کرکے ایک بار پھر اپنے مذموم مقاصد کو بے نقاب کردیا ہے‘‘۔امیت شاہ نے ایک اور سوال کرکے پوچھا ’’کیا راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی جے کے این سی کے دفعہ 370 اور 35 اے کو بحال کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں اور اس طرح جموں و کشمیر کو بدامنی اور دہشت گردی کے دور میں واپس دھکیل دیتے ہیں؟۔’’کیا کانگریس کشمیر کے نوجوانوں کے بجائے پاکستان کے ساتھ بات چیت میں شامل ہو کر دوبارہ علیحدگی پسندی کو فروغ دینے کی حمایت کرتی ہے؟۔ امیت شاہ نے کہا ’’ کیا کانگریس دہشت گردی اور پتھراؤ میں ملوث افراد کے رشتہ داروں کو سرکاری ملازمتوں میں بحال کرنے کی حمایت کرتی ہے، اس طرح دہشت گردی، انتہا پسندی اور ہڑتالوں کے دور کو واپس لانا ہے؟۔‘‘ ایک اور سوال میں امیت شاہ نے لکھا ’’کیا کانگریس جموں و کشمیر کی معیشت کو دوبارہ بدعنوانی کی طرف دھکیلنے اور اسے منتخب پاکستان کے حمایت یافتہ خاندانوں کے حوالے کرنے کی سیاست کی حمایت کرتی ہے؟۔‘‘