اَسمبلی اِنتخابات ۔2024

ڈوڈہ ضلع میں جموں وکشمیر اسمبلی اِنتخابات ۔2024 کی تیاریاں

تین حلقوں میں 3,10,000 سے زیادہ رائے دہندگان رجسٹرڈضلع بھر میں 534 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں

سری نگر//جموں و کشمیر کے انتخابی منظر نامے میں ایک اہم خطہ ڈوڈہ ضلع پہلے مرحلے میں آنے والے اسمبلی اِنتخابات۔ 2024 کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ضلع میں تین اسمبلی حلقوں بھدرواہ، ڈوڈہ اور ڈوڈہ ویسٹ میں کُل 310,586 رجسٹرڈ رائے دہندگان درج ہیں جن میں 160,057 مرد، 150,521خواتین اور 8 خواجہ سرا شامل ہیں۔تینوں اسمبلی حلقوں میں مجموعی طور پر 534 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں تاکہ ہر رجسٹرڈ رائے دہندگان کو جمہوری عمل میں حصہ لینے کا موقعہ ملے۔اسمبلی حلقہ (اے سی) 52 ۔ڈوڈہ میں کُل 98,582 رائے دہندگان ہیں۔ اِس اعداد و شمارمیں 50,546 مرد رائے دہندگان، 48,034 خواتین ووٹرز اور 2 خواجہ سرا و رائے دہندگان شامل ہیں۔اِس حلقے کی خدمت کے لئے مجموعی طور پر 171 پولنگ سٹیشن مختص کئے گئے ہیں جو ضلع کے اِنتخابی فریم ورک میں اس کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔اے سی 51 ۔بھدرواہ ضلع کا سب سے بڑا حلقہ بن کر اُبھرا ہے جس میں کل 124,568 رجسٹرڈ رائے دہندگان ہیںجس میں63,944مرد ، 60,618 خواتین اور 6 خواجہ سرا ووٹرز شامل ہیں۔بھدرواہ میں جامع اِنتخابی کوریج کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے196 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔اے سی 53۔ ڈوڈہ ویسٹ میں87,436 رائے دہندگان ہیں جن میں 45,567مرد اور 41,869 خواتین ووٹرز شامل ہیں اور اِس میں کوئی خواجہ سرا ووٹرز رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ اس حلقے میں مؤثر اِنتخابی اِنتظام کو یقینی بنانے کے لئے 167 پولنگ سٹیشن مختص کئے گئے ہیں۔ووٹر رجسٹریشن کے تفصیلی اعداد و شمار منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کے لئے ضلع کے عزم کو اُجاگر کرتے ہیں۔جموں و کشمیر اسمبلی اِنتخابات۔ 2024 جیسے قریب آ رہے ہیں اور ڈوڈہ ضلع پوری قوت کے ساتھ جمہوری عمل میں حصہ اَدا کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔