اسمبلی اِنتخابات ۔2024،اِنتخابی عملے کو پونچھ میں تربیت دی گئی

اسمبلی اِنتخابات ۔2024،اِنتخابی عملے کو پونچھ میں تربیت دی گئی

پونچھ//ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر وِکاس کنڈل نے آج گورنمنٹ ڈِگری کالج پونچھ کے نیو آڈیٹوریم میں پولنگ عملے کے لئے ایک تربیتی پروگرام کی صدارت کی۔یہ اَقدام آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔تربیتی سیشن میں پونچھ، کنویاں، منڈی، ستھرا اور ننگلی سمیت مختلف زونوں سے محکمہ تعلیم کے ملازمین نے شرکت کی جو کہ الیکشن ڈیوٹی کے لئے نامزد ہیں۔اِس جامع پروگرام نے عملے کو اِنتخابی پروٹوکول اور بہترین طریقوں کے بارے میں ضروری رہنمائی فراہم کی۔تربیت کا ایک اہم حصہ ووٹر ویریفایبل پیپر آڈِٹ ٹریل (وِی وِی پی اے ٹی) سسٹم اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (اِی وِی ایم) کو چلانے کی تربیت کے لئے وقف کیا گیا تھا۔ شرکأ ان مشینوں کو سنبھالنے میں مہارت حاصل کرنے کے لئے تفصیلی مظاہروں اور عملی مشقوں میں حصہ لیا۔وِکاس کنڈل نے اَپنے خطاب میں الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی ہدایات پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد 2024 کے اسمبلی اِنتخابات کو اِنتہائی دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ منعقد کرنا ہے اور یہ ضروری ہے کہ ہر پولنگ عملہ ہمارے جمہوری عمل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لئے طے شدہ رہنما خطوط کو سمجھے اور اس پر عمل کرے۔ تربیت کا اِنعقاد ڈِسٹرکٹ اور اسمبلی لیول کے ماسٹر ٹرینروں نے مہارت کے ساتھ کیا جنہوں نے مختلف پولنگ فرائض کے بارے میں گہری معلومات فراہم کیں۔اِسی طرح کے تربیتی پروگرام مینڈھر اور سرنکوٹ تحصیلوں میں منعقد ہوئے۔