tariq hameed karra

تمام ہم خیال لوگوں کے ساتھ اتحاد کے لیے آپشن کھلا، طارق حمید قرہ

این سی نے قبل از انتخابات اتحاد پر کانگریس کی مرکزی قیادت سے رابطہ کیا

سرینگر//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کے سربراہ طارق حمید قرہ نے پیر کو کہا کہ کانگریس پارٹی ہم خیال لوگوں یا جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے لیے تیار ہے اور نیشنل کانفرنس نے انتخابی اتحادکیلئے کانگریس کی مرکزی قیادت سے قبل از وقت رابطہ کیا ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں کشمیر پردیش کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے نئی دہلی سے واپسی کے بعد سری نگر میں پی سی سی ہیڈکوارٹر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جہاں تک اتحاد کا تعلق ہے، ہم ہم خیال لوگوں یا جماعتوں کے ساتھ اتحاد قائم کرنے کے لیے کھلے ہیں۔ انہیں حال ہی میں دہلی میں پارٹی ہائی کمان نے جموں کشمیر پردیش صدر کمیٹی کے طور پر مقرر کیا تھا۔این سی کے بارے میں انہوں نے انکشاف کیا کہ پارٹی قیادت نے قبل از انتخابات اتحاد کے لیے دہلی میں مرکزی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔ اگر پارٹیاں یہ خیال رکھتی ہیں کہ ہمیں تقسیم کرنے والی طاقتوں اور بی جے پی کو شکست دینا ہے، تو وہ یقینی طور پر کانگریس کے ساتھ اتحاد کریں گی۔ اور ہم یقینی طور پر کامیاب ہوں گے۔واضح رہے کہ طارق حمیدہ قرہ کو کانگریس پارٹی ہائی کمان نے جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد جے کے پی سی سی صدر نامزد کیا ہے ۔ انہوںنے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔