مرکزی وزیر اَمورِ نوجوان و کھیل کود نے ملٹی سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کی

سری نگر//مرکزی وزیر برائے اَمورِ نوجوانان و کھیل کود ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے آج پولو گراؤنڈ سپورٹس کمپلیکس سری نگر اور جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ، ڈائریکٹر وائی ایس ایس ایس سی چھبر اور سیکرٹری جموں و کشمیرسپورٹس کونسل نزہت گل کے علاوہ دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے سنتھیٹک ٹرف کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے اَنڈر 17 اِنڈین نیشنل ٹیم، جموں و کشمیر سپورٹس کونسل فٹ بال سکول اور اکیڈیمی کے زیر تربیت کھلاڑیوں، ڈاؤن ٹاؤن ہیروز فٹ بال کلب بوائز اینڈ گرلز ٹیموں کے کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر سکولی بچوں سے بات چیت کی۔مرکزی وزیر نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کی طرف سے بلیو کیبس انیشی ایٹو کے آغاز کی ستائش کی، جس کا مقصد نچلی سطح پر فٹ بال کو فروغ دینا ہے، جے کے ایس سی کو دیا گیا ہے۔

مرکزی وزیر نے آل اِنڈیا فٹ بال فیڈریشن کی طرف سے جے کے ایس سی کو دیئے گئے بلیو کیبس اِنیشی ایٹیو کے آغاز کی ستائش کی جس کا مقصد نچلی سطح پر فٹ بال کو فروغ دینا ہے۔اُنہوں نے ایک سائیکل ریلی کو بھی ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیاجس میں کھیلو اِنڈیا سینٹر سائیکلنگ بڈگام کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔بعد میں مرکزی وزیر نے اِنڈور سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں سینکڑوں ایتھلیٹس اور سکولی بچے موجود تھے۔مرکزی وزیر نے اِس موقعہ پر پیش کئے گئے ثقافتی بونانزا میں حصہ لیتے ہوئے جمناسٹک اور پینکاک سلات ایتھلیٹس کے متاثر کن مظاہروں کے علاوہ مقامی کشمیری اور ڈوگری لوک رقص کی بھی ستائش کی۔ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے ’’مائی یوتھ مائی پرائیڈ‘‘ سمر ایکٹیویٹی کیلنڈر 2024 ء کا بھی اِفتتاح کیا اور کھیلو اِنڈیا کے مختلف مراکز میں کھیلوں کی کِٹس تقسیم کیں۔اُنہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی نیک خواہشات کا اِظہار کرتے ہوئے متعدد کھیلوں میں بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت پر مسرت کا اِظہار کیا اور جموں و کشمیر اِنتظامیہ بالخصوص محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود اور جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کی کوششوں کی سراہنا کی۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر تیزی سے کھیلوں کا مرکز بن رہا ہے اور اُنہوں نے کشمیر میں قومی ٹیم کیمپوں کی میزبانی کے لئے جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کی سراہنا کی ۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر میں کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کی ترقی میں مکمل تعاون کرے گی۔