budget 2023-24

23جولائی کو پارلیمنٹ اجلاس کے دوران پیش ہونی والے سالانہ بجٹ سے قبل

وزیر اعظم نریندر مودی نے خیالات اور تجاویز کی وضاحت کیلئے ممتاز ماہرین اقتصادیات سے ملاقات کی

سرینگر // 23جولائی کو پارلیمنٹ اجلاس کے دوران پیش ہونی والی بجٹ سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے خیالات اور تجاویز کو واضح کرنے کیلئے ممتاز ماہرین اقتصادیات سے ملاقات کی ۔ سی این آئی کے مطابق پارلیمنٹ اجلاس کے دوران 23جولائی کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن مالی سال 2024-25کیلئے بجٹ پیش کر رہی ہے جس سے قبل وزیر اعظم مودی نے ماہرین اقتصادیات سے ملاقات کی ۔ ماہرین اقتصادیات اور شعبہ جاتی ماہرین کے علاوہ نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین سمن بیری اور دیگر اراکین نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔اس میٹنگ میں وزیر خزانہ سیتا رمن، وزیر منصوبہ بندی راؤ اندرجیت سنگھ، چیف اکنامک ایڈوائزر وی اننتھا ناگیشورن اور ماہر اقتصادیات سرجیت بھلا اور اشوک گلاٹی اور تجربہ کار بینکر کے وی کامتھ سمیت دیگر موجود تھے۔خیال رہے کہ سال 2024-25کا بجٹ مودی 3.0 حکومت کی پہلی بڑی اقتصادی دستاویز ہوگی، جس میں دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ سال 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا روڈ میپ تیار کرنے کی امید ہے۔صدر دروپدی مرمو نے گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں اشارہ دیا تھا کہ حکومت اصلاحات کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے تاریخی اقدامات کے ساتھ سامنے آئے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجٹ حکومت کی دور رس پالیسیوں اور مستقبل کے وڑن کی ایک موثر دستاویز ہوگا۔متعدد ماہرین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عام آدمی کو ٹیکس میں ریلیف فراہم کرے تاکہ کھپت کو بڑھایا جا سکے اور مہنگائی کو روکنے اور اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔اس سے پہلے فروری میں سیتا رمن نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر 2024-25کا عبوری بجٹ پیش کیا تھا۔