محکمہ موسمیات کی وارننگ، جموں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، شاہراہ پر احتیاط کی ہدایت
سرینگر// محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران کشمیر وادی میں کسی بڑے بارش کے سلسلے کی توقع نہیں ہے، تاہم وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور مختصر دورانیے کی بارشیں جاری رہیں گی، جبکہ جموں ڈویڑن میں موسلا دھار بارشوں کے متعدد سلسلے متوقع ہیں، جن کے باعث اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور پہاڑی علاقوں میں پتھر کھسکنے کا خطرہ برقرار رہے گا۔یو این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈائریکر مختار احمد نے جمعرات کو بتایا کہ مجموعی طور پر کشمیر میں موسم نسبتاً مستحکم رہے گا اور وادی میں کسی بڑے یا طویل بارش کے سلسلے کی توقع نہیں ہے۔ ان کے مطابق مطلع زیادہ تر ابر آلود رہے گا جبکہ مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور مختصر بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال تقریباً 5 اگست تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات کے روز کشمیر وادی اور جموں ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں بارش کا ایک وسیع سلسلہ متوقع ہے۔ اگرچہ زیادہ تر مقامات پر ہلکی یا درمیانی شدت کی بارش ہوگی، تاہم چند علاقوں میں تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔مختار احمد کے مطابق جموں ڈویژن میں جمعہ کی رات اور علی الصبح ایک اور شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ 2 اور 3 اگست کی درمیانی مدت اور 3 سے 4 اگست کے دوران بھی بھاری بارشوں کے مزید سلسلے متوقع ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی اور حساس علاقوں میں اچانک سیلاب آسکتا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور شوٹنگ اسٹونز کے واقعات پیش آنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر چناب وادی، پیر پنجال خطے اور سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے افراد کو غیر معمولی احتیاط برتنی چاہیے کیونکہ خراب موسمی صورتحال کے نتیجے میں شاہراہ پر مٹی کے تودے گرنے، پتھر کھسکنے اور ٹریفک میں رکاوٹیں پیدا ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے مسافروں، سیاحوں، ٹرانسپورٹروں اور روزانہ سفر کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ سفر شروع کرنے سے قبل موسم اور ٹریفک سے متعلق تازہ ترین اطلاعات حاصل کریں اور انتظامیہ و ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کسانوں کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر معمول کی زرعی سرگرمیاں جاری رکھی جا سکتی ہیں۔ کسان اسپرے، کھیتوں کی تیاری، کھاد ڈالنے اور دیگر زرعی کام بلا جھجھک انجام دے سکتے ہیں کیونکہ وادی میں کسی غیر معمولی موسمی سرگرمی کی توقع نہیں ہے۔مختار احمد نے مزید بتایا کہ آئندہ تقریباً دو ہفتوں کے دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔ ان کے مطابق 20 اگست کے بعد درجہ حرارت میں کمی کا رجحان شروع ہوگا، جو وادی کشمیر میں موسم خزاں کی تدریجی آمد کا آغاز ہوگا۔محکمہ موسمیات نے عوام، بالخصوص جموں ڈویژن کے رہائشیوں، سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری مشوروں پر عمل کریں۔










