ٹنگڈار اورگریز کو ہمہ موسمی سڑک رابطہ فراہم کرنے کی تیاری

سادھنا ٹنل کی ڈی پی آر کا کام تفویض، رازدان پاس ٹنل کیلئے مشیر کے انتخاب کا عمل جاری

سرینگر// مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کے موسمی طور پر ملک کے دیگر حصوں سے کٹ جانے والے سرحدی علاقوں ٹنڈھار اور گریز کو سال بھر سڑک رابطہ فراہم کرنے کی سمت اہم پیش رفت کرتے ہوئے مجوزہ سادھنا ٹنل کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ کی تیاری کا کام سونپ دیا ہے، جبکہ رازدان پاس ٹنل کی ڈی پی آر تیار کرنے کے لیے مشاورتی خدمات حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔یو این ایس کے مطابق مرکزی وزیر برائے سڑک نقل و حمل و شاہراہیں نتن جے رام گڈکری نے راجیہ سبھا میںسوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ ٹنڈھار کو قومی شاہراہ،701 پر کپوارہ،ٹنگڈار سیکشن میں مجوزہ سادھنا ٹنل کے ذریعے ہر موسم میں رابطہ فراہم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ڈی پی آر کی تیاری کا مشاورتی کام پہلے ہی الاٹ کیا جا چکا ہے۔وزارت کے مطابق گریز کے لیے رزدان پاس پر مجوزہ ٹنل کی ڈی پی آر تیار کرنے کے لیے مشیر کی تقرری کی خاطر ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔تاہم وزارت نے واضح کیا کہ گریز اور مروہ،ورون علاقے قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک کا حصہ نہیں ہیں، اس لیے وہ براہ راست قومی شاہراہوں کے ٹنل منصوبوں میں شامل نہیں ہیں۔ اسی وجہ سے حکومت نے ان مجوزہ منصوبوں کی لاگت یا تکمیل کی حتمی مدت کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ وزارت نے بتایا کہ سردیوں کے دوران ان علاقوں میں آمدورفت برقرار رکھنے کے لیے بارڈر روڈز آرگنائزیشن کی جانب سے قومی شاہراہوں اور دیگر زیر انتظام سڑکوں پر برف ہٹانے کا کام مسلسل انجام دیا جاتا ہے تاکہ راستے ٹریفک کے لیے کھلے رہیں۔مرکزی حکومت نے یہ بھی بتایا کہ طویل عرصے تک سڑکیں بند رہنے کی صورت میں طبی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے پردھان منتری آیوشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن کے تحت گریز کے داور میں بلاک پبلک ہیلتھ یونٹ، شیخ پورہ میں پرائمری ہیلتھ سینٹر، بھاگوٹے میں نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر، جبکہ ٹنڈھار اور ٹیٹوال میں بھی بلاک پبلک ہیلتھ یونٹس منظور کیے گئے ہیں۔یو این ایس کے مطابق جواب میں بتایا گیا کہ جموں و کشمیر حکومت گریز کے شدید بیمار اور ہنگامی مریضوں کو اعلیٰ طبی مراکز تک منتقل کرنے کے لیے مفت ہیلی کاپٹر اور فضائی انخلا کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے، جس کا انتظام ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے اشتراک سے کرتی ہے۔مرکز کے مطابق مروہ،ورون علاقے میں بھی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر مروہ میں ایک بلاک پبلک ہیلتھ یونٹ، مرگی میں ایک آیوشمان آروگیہ مندر اور پرائمری ہیلتھ سینٹر آفتی کے لیے ایمرجنسی کووڈ رسپانس پیکیج،II کے تحت چھ بستروں پر مشتمل تیار شدہ طبی یونٹ منظور کیا گیا ہے۔وزارت نے کہا کہ اگرچہ صحت کی خدمات فراہم کرنا بنیادی طور پر جموں و کشمیر حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم مرکزی حکومت مختلف قومی پروگراموں کے ذریعے ان علاقوں میں طبی اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو مستحکم بنانے میں مسلسل تعاون فراہم کر رہی ہے۔