dooran

چھٹی تنخواہ کمیشن کے مطابق تنخواہ داروں کے مہنگائی بھتہ میں اضافہ

آنگن واری ورکروں،ہلپروںاور خاندانی بہبود ملازمین کی تنخواہوں کیلئے پیشگی فندس واگزار

سرینگر//محکمہ خزانہ نے چھٹی تنخواہ کمیشن کی نظرثانی شدہ شرح کے مطابق تنخواہ لینے والے سرکاری ملازمین ،پنشنروں اور فیملی پنشنروںکیلئے مہنگائی بھتہ کی شرح میں اجافے کا اعلان کیا۔اس دوران مرکزی معاونت اسکیم کے تحت منظور شدہ آنگن واری ورکروں اور ہلپروں کے علاوہ خاندانی بہبود، اور امیونائزیشن کے تحت عملے کو باقاعدگی سے تنخواہوں و مشاہرے کی ادائیگی کیلئے پیشگی فنڈس کو منظوری دی ہے۔ محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ ملازمین یکم جولائی سے توسیع شدہ شرح کے ساتھ بنیادی تنخواہ کے230فیصد ماہانہ مہنگائی بھتہ حاصل کریں گے،جبکہ اس سے قبل یہ شرح221`فیصد تھی۔محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ جولائی، 2023 سے مئی 2024 تک ڈی اے کی اضافی قسط کے بقایا جات، جون 2024 کے مہینے میں نقد ادا کیے جائیں گے اور جون، 2024 کے بعد کی ماہانہ تنخواہ کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی تنخواہ کا 230فیصد مہنگائی الاؤنس اب فراہم کیا جائے گا۔محکمہ خزانہ کے پرنسپل سیکریتری سنتو وادھیا نے ایک علیحدہ حکم نامہ میں کہا کہ پنشنروں اور فیملی پنشنروں کے موجودہ مہنگائی بھتی کو بھی بنیای پنشن کے221فیصد سے توسیع دیکر230فیصد کیا گیا اور اس کا اطلاق بھی یکم جولائی2023سے ہوگا۔انہوں نے کہا’’جولائی، 2023 سے مئی 2024 تک ڈی اے کی اضافی قسط کے بقایا جات، جون 2024 کے مہینے میں نقد ادا کیے جائیں گے اور جون، 2024 کے بعد سے ماہانہ پنشن/فیملی پنشن کا حصہ بنیں گے۔‘‘اس دوران محکمہ خزانہ نے انتظامی کونسل کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹی گریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز کے منظور شدہ آ نگن واڑی ورکروں و ہلپروں کو مرکزی معاونت والی اسکیم کے تحت منظور شدہ بجٹ کے دفعات سے مرکزی حصص سے پیشگی رقومات فراہم کرنے کو ہری جھنڈی دکھائی گئی تاکہ یکم اپریل2024کو ایک سہ ماہی کے لیے کو منظور شدہ عملے کی تنخواہ اور مشاہرہ کو پورا کیا جائے۔ قسط کی رقم کم از کم 3 ماہ کی تنخواہ اور اعزازیہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مالی سال میں مرکزی حصہ کے سالانہ مختص ایک چوتھائی حصہ ہوگا۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ فنڈز، پیشگی میں، خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزارت کے جاری کردہ فنڈز سے وصول کیے جائیں گے۔انٹی گریٹیڈ چائلڈڈیولپمنٹ سروس اسکیم ایک مرکزی معاونت شدہ اسکیم ہے جو اکتوبر 1975 سے ریاستی حکومتوں و مرکزی زیر انتظام والے خطوں کے ذریعے لاگو کی گئی ہے۔اس اسکیم کا مقصد6سال تک کے بچوں، حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کی ہمہ گیربہبودی ہے۔یہ اسکیم مربوط خدمات فراہم کرتی ہے جس میں اضافی غذائت،ٹیکہ کاری ،صحت کی جانچ، ریفرل سروسز، قبل از اسکول غیر رسمی تعلیم اور صحت اور غذائیت کی تعلیم شامل ہیں۔ایک اور حکم نامہ کے تحت مرکزی معاونت شدہ اسکیم کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف فیملی ویلفیئر، والدہ اور بچے کی صحت(ایم سی ایچ)اور امیونائزیشن کے مطلوبہ ملازمین کو ایک سہ ماہی کے لیے تنخواہوں کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے پیشگی میں فنڈس کی واگزاری کو منظوری دی ہے۔یہ قسط کی رقم کم از کم 3 ماہ کی تنخواہ کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ہوگا اور مالی سال میں مرکزی حصہ کے سالانہ مختص کا ایک چوتھائی ہوگا۔ محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ پیشگی میں واگزارا کئے گئے فنڈز، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت، سے حکومت جموں و کشمیر کے حکم سے جاری کردہ فنڈز سے وصول کیے جائیں گے۔