راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنرراجوری اوم پرکاش بھگت نے آج تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں یکم جولائی کو کوالیفائنگ تاریخ کے ساتھ فوٹو اِنتخابی فہرستوں کی سپیشل سمری رویژن کے کاؤنٹر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اوم پرکاش بھگت نے سپیشل سمری رویژن کے لئے جاری گھر گھر سروے کی تفصیلات پر روشنی ڈالی جو 4 ؍جولائی 2024 کو اختتام پذیر ہونے والا ہے۔ اُنہوں نے درست اور تازہ ترین ووٹر لسٹوں کو یقینی بنانے میں اس سروے کی اہمیت پر زور دیا۔مزید برآں،ضلع ترقیاتی کمشنر نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ ووٹروں کے اندراج کو فروغ دینے کے لئے عوام کے ساتھ سرگرمی سے جڑے رہیں۔ اُنہوں نے بیداری پیدا کرنے اور اہل شہریوں کو ووٹر کے طور پر اندراج کرنے کی ترغیب دینے میں سیاسی جماعتوں کے کردار پر زور دیا۔میٹنگ کا اختتام تمام جماعتوں کی جانب سے اس عزم کے ساتھ ہوا کہ وہ اِنتظامیہ کے ساتھ مل کر انتخابی عمل کو آسان اور جامع بنائیں گے اور ہر اہل ووٹر کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ مشترکہ کوشش سے اِنتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے عمل کی شفافیت اور کارکردگی کو بڑھانے معاون ثابت ہوگی۔اِس موقعہ پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر شکیل ملک اور اے سی ڈی وجے کمار بھی موجود تھے۔










