ادبی مرکز کمراز کی طرفسے تلگام پٹن میں تعزیتی اجلاس منعقد

شبنم تلگامی کی والدہ کو شایانِ شان خراجِ عقیدت ادا کیا گیا

سرینگر// ادبی مرکز کمراز جموں و کشمیراور بہارِ ادب تلگام کی طرف سے آج تلگام پٹن میں ادبی مرکز کے جنرل سیکریٹری، شاعر اور براڈکاسٹرشبنم تلگامی کے دولت خانے پرایک تعزیتی اجلاس منعقد ہو ا ۔ تعزیتی اجلاس میں شبنم تلگامی کی والدہ ماجدہ زیبہ بیگم کو مقررین نے شایانِ شان خراجِ عقیدت ادا کیا اور مرحومہ کے حق میں فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔اجلاس میں ساہتیہ اکادمی نئی دہلی کے کشمیری ایڈوائزری بورڈ کے کنوینیر پروفیسر شاد رمضان ، ادبی مرکز کے صدر محمد امین بٹ ، سرپرست ڈاکٹر رفیق مسعودی، سرپرست بہار ادب تلگام فیاض تلگامی، سید اختر منصور،جاوید اقبال ماوری ،فاروق شاہین ، ظہور ہائیگامی ،ضمیر انصاری ، مبشر نازکی ،نادم بخاری ،غلام الدین بہار ،مزمل مسعودی، ریاض پروانہ ،منصور منتظر ،میر طارق، شہنوارحسین میر، عابد اشرف ،مسعود شاداب، زاہد صاحب ،غلام حسن درویش کے علاوہ مختلف طبقہ ہاے فکر سے وابستہ ادبی شخصیات، عزیز و اقارب کی خاصی تعداد شامل تھی۔ تعزیتی اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسکی سعادت نادم بخاری، جبکہ نعت بحضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرنے کی سعادت شہنوار میر کو حاصل ہوئی۔ اجلاس میںفلسفہ موت و حیات پر پروفیسر شاد رمضان ،محمد امین بٹ ،ڈاکٹر رفیق مسعودی ،جاوید اقبال ماوری ،سید اختر منصور ،فیاض تلگامی ، نادم بخاری ،عابد اشرف، اور ظہور ہایگامی نے روشی ڈالی اجلاس کے اختتام پر مرحومہ کے حق میں مغفرت کی دعا کی گئی۔ فاروق شاہین نے نظامت کے فرائض انجام دئے اورعابد اشرف نے تحریک شکرانہ پیش کیا۔