لوگ ندی نالوں کا ناصاف پانی پینے پر مجبور ، متعلقہ حکام سے توجہ کی اپیل
سرینگر//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کنڈ پورہ مٹن علاقے کی عوام نے پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا۔کنڈ پورہ مٹن میں لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وائس آف انڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی شہری غلام نبی نے کہا ، ‘ہمارے علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے سے پانی کی فراہمی نہیں کی جارہی ہے اور علاقے میں ہر کوئی پانی کے بحران سے پریشان ہیں۔ روز مرہ کی زندگی میں اگر چہ پانی زندگی کا ایک اہم جز ہے لیکن ہمیں پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترسایا جارہا ہے۔’مقا می لوگوں نے وی او آئی نمائندے امان ملک کو بتایا کہ ‘ہم نے پانی کی فراہمی کو بحال رکھنے کے لئے محکمہ جل شکتی کے ہر عہدیدار سے رجوع کیا ہے لیکن کوئی بھی ہماری شکایت پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی پر علاقے میں پانی کی فراہمی کی سہولت کے لئے کوئی توجہ نہیں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ملازمین مناسب طریقے سے ڈیوٹی نہیں دے رہے ہیں کیونکہ وہ پانی کی قلت کا شکار ہیں۔وہیں لوگوں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ کولگام سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر توجہ دیں اور ان کے حقیقی مسئلے کو حل کریں۔ اس معاملے میں جب نمائندے نے ای ای محکمہ جل شکتی ڈویڑن سیر کے ساتھ بات کی تو انہوں نے کہا اس علاقے کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔










