اننت ناگ سے لیکر امرناتھ گپھا تک کے دو نوں راستوں کے نزدیک جنگلوں میں سیکورٹی فورسز کی تعینات شروع
سرینگر // رواں ماہ کے آخر سے شروع ہونی والی سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میںسیکورٹی انتظامات سخت کئے جا رہے ہیں ۔اننت ناگ سے لیکر پہلگام و امرناتھ گپھا تک کے دو نوں راستوں کے نزدیک جنگلوں میں سیکورٹی فورسز تعینات ہو رہے ہیںجبکہ اہم راستوں کو سی آر پی ایف اور فوج کے کنٹرول میں دیا جا رہا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے بیچ رواں ماہ کے آخر سے امرناتھ یاترا شروع ہو رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام سیکورٹی انتظامات کو حمتی شکل دی جا رہی ہے ۔فوج نے امر ناتھ گپھا تک کے دونوں راستوں جن میں پہلگام و بال تل شامل ہیں کے جنگلات میں جنگجووں کی تلاش شروع کردی ہے جس کیلئے فوج کے کئی یونٹ مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر کے اننت ناگ سے پہلگام گپھا کے راستوں کے گھنے جنگلات میں فوج تلاشی کررہی ہے تاکہ چھپے جنگجووں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ٹنل سے پہلگام تک کی شاہراہ کے نزدیک جنگلات میں بھی فوج نے خصوصی تلاش کاروائی شروع کردی ہے۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ فوج نے تلاش کاروائی کیلئے ہیلی کاپٹر بھی کام پر لگائے ہیں ۔امر ناتھ یاترا کے بیس کیمپ پہلگام میں بھی فوج نے تلاش کاروائیاں شروع کردی ہیں اور نزدیکی جنگلات میں بھی اس طرح کی کاروائی جاری ہے۔ ادھر گاندربل ضلعے کے بال تل بیس کیمپ کے نزدیکی جنگلات میں فوج کی خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے ۔واضح رہے رواں ماہ کے آخر سے شروع ہونے والی سالانہ امر ناتھ یاترا کیلئے تین دائیروں والے حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اوران کو حتمی شکل بھی دی گئی ہے۔پُر امن یاترا اور یاتریوں کی حفاظت کیلئے کئے گئے تین دائیروں والے حفاظتی انتظامات کیلئے ریاستی پولیس، فوج اور نیم فوجی فورسز تعینات کئے جائیں گے جبکہ پہلگام اور بال تل کے یاترا بیس کیمپوں میں ایڈوانس میں ہی فورسز پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ یاترا کی حفاظت کیلئے باہر سے بھی کئی درجن اضافی فورسز کی کمپنیاں بھی وادی کشمیر پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ امر ناتھ گپھا کے دونوں راستوں پر پولیس و نیم فوجی دستوں کے اہلکار تعینات رہیں گے جبکہ امر ناتھ گپھا و اونچے جنگلات میں فوجی دستے تعینات کئے گئے ۔سرینگر جموں شاہراہ پر بھی امر ناتھ یاتریوں کی حفاظت کیلئے فوج ، پولیس و نیم فوجی دستوں کے اہلکار دن رات تعینات رہیں گے اور ٹنل سے لیکر پہلگام و بال تک کے راستے پر بھی معقول تعداد میں بھی سیکورٹی فورسز کے اہلکار دوران یاترا تعینات کئے گئے ۔










