کولگام کے متعدد دیہات پینے کے صاف پانی سے محروم

لوگوں نے متعلقہ محکمہ کے خلاف سخت برہمی اور ناراضگی کا اظہار کیا

سرینگر//کولگام کے مختلف علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ لوگوںنے متعلقہ محکمہ کے خلاف سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی نوٹس میں یہ معاملہ لانے کے باوجود بھی کوئی اقدام نہیں اُٹھایا گیا ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے شماسپورہ گجر بستی والٹنگو نارد علاقے کے لوگوںنے گزشتہ ایک ماہ سے اپنے علاقے میں پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی میں ناکامی پر حکام کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔مقامی لوگوں کے و ی او آئی نمائندے غلام نبی کھانڈے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ گزشتہ ایک ماہ سے پانی سے محروم ہے جبکہ حکام پانی کی سپلائی بحال کرنے کی بارہا منت سماجت کے باوجود اس سلسلے میں کوئی ٹھوس اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ہمیں پانی کی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے اور بار بار کی درخواستوں کے باوجود متعلقہ محکمہ اور نہ ہی انتظامیہ ہماری مشکلات کو دور کرنے کی زحمت گوارا کر رہی ہے۔‘علاقے کے ایک بزرگ شہری نے بتایا کہ علاقے کو پینے کے پانی کی فراہمی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور متعلقہ جل شکتی محکمہ کے اہلکار مقامی لوگوں کو درپیش تکلیف پر کان نہیں دھرے ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جل شکتی محکمہ کو کئی بار عرضداشتیں کی گئیں لیکن وہ درخواستوں پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور انہیں پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ہم سکون کی سانس لے سکیں۔جب اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر (AEE) جل شکتی محکمہ قاضی گنڈ سے رابطہ کیا گیا تو محمد رفیق نے تسلیم کیا کہ اس مسئلے کو جلد ہی حل کر لیا جائے گا۔