پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے مامر میں عوامی رَسائی پروگرام کی صدارت کی

جموں و کشمیر کے صارفین کو قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے محکمہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ پرنسپل سیکرٹری

گاندربل//پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ(پی ڈی ڈی ) ایچ راجیش پرساد نے کمیونٹی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مقامی مسائل کا اَزالہ کرنے کے لئے ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے آج مامر میں منعقدہ ایک جامع عوامی رابطہ پروگرام کی صدارت کی۔اِس تقریب میں عوام اور دیگر شراکت داروں کی زبردست شرکت دیکھنے میں آئی جنہوں نے اَپنے اَپنے علاقوں کی فلاح و بہبود اور ترقی سے متعلق مختلف مسائل اُٹھائے ۔حاضرین نے پرنسپل سیکرٹری کو متعدد مسائل اور مطالبات گوش گزار کئے جن میں گنڈ میں ہارٹی کلچر آفس کا قیام، ہری گنوان میں جے کے بینک برانچ کا قیام، پی ایچ سی ہری گنوان کو چوبیس گھنٹے فعال کرنا، لال مارگ کو سیاحتی گاؤں کا درجہ دینا، اندرونی سڑکوں کی ترقی، کنگن سب ڈویژن کے لئے خصوصی درجہ، بلا تعطل بجلی، بجلی کی بلنگ میں تضادات، مامر پل کی مرمت اور اَکھل پُل کی تکمیل اور دیگر عوامی مسائل شامل ہیں۔ تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر ، ڈِی ڈِی سی ممبر کنگن، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ایس ڈِی پی او کنگن، چیف پلاننگ آفیسر ایس اِی پی ڈِی ڈِی، جی ایم ڈِی آئی سی، اسسٹنٹ لیبر کمشنر گاندربل، پی ڈِی ڈِی، آر اینڈ بی اور پی ایم جی ایس وائی کے ایگزیکٹیو انجینئروں، تحصیل دار گاندربل اور مختلف متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بہترحکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے عوام اور حکومت کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِس میگا عوامی دربار میں شرکت پر مقامی لوگوں کی سراہنا کی اور اُنہیں یقین دِلایا کہ موجودہ اِنتظامیہ عوام کی بہتری کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے۔اُنہوں نے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے مطالبے کے جواب میںجموں و کشمیر کے صارفین کو قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے محکمہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے حکومت کی جانب سے 10,000 کروڑ روپے کی لاگت والی تقسیم کاری شعبے کی سکیم کی منظوری پر روشنی ڈالی جس کا مقصد ڈِسٹری بیوشن انفراسٹرکچر کو اَپ گریڈ کرنا ہے تاکہ مجموعی تکنیکی اور تجارتی (اے ٹی اینڈ سی) نقصانات کو کم کیا جاسکے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پری پیڈ سمارٹ میٹرنگ اور سسٹم میٹرنگ کی تنصیب سے پورے جموںوکشمیر یوٹی میں قابل اعتماد بجلی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔پرنسپل سیکر ٹری موصوف نے دیگر مطالبات کے حوالے سے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دِی کہ جہاں تک ممکن ہو ضلعی سطح پر شکایات کا اَزالہ کیا جائے اور مناسب منصوبہ بندی کے لئے فزیبلٹی چیکنگ کے بعد متعلقہ حکام کو مالی شمولیت کے مطالبات بھیجے جائیں۔ اُنہوں نے عوام کو یقین دِلایا کہ حقیقی شکایات کابروقت اور مؤثر طریقے سے اَزالہ کیا جائے گا۔اِس موقعہ پرپرنسپل سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ بہترین ممکنہ حکمرانی فراہم کرنے کے لئے عوام کے ساتھ سرگرمی سے جڑے رہیں۔دریں اثناء ، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے پرنسپل سیکرٹری کو اُٹھائے گئے تمام مطالبات کی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی اوراُنہوں نے کہا کہ گزشتہ عوامی دربار کی ایکشن ٹیکن رِپورٹ (اے ٹی آر) بھی پبلک ڈومین میں جاری کی گئی ہے۔اِس سے قبل پرنسپل سیکرٹری نے مختلف محکموں جیسے زراعت، باغبانی، ماہی پروری، مویشی پروری، بھیڑ پالن، سوشل ویلفیئر ڈِی آئی سی اور دیگر محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔