پولیس نے جی ایم سی سرینگر واقعے کے سلسلے میں رپورٹ درج کرلی ۔ آئی جی پی کشمیر
سرینگر// انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردھی نے جمعرات کو کہا کہ پولیس نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر میں مذہبی جذبات کے خلاف حساس مواد پوسٹ کرنے کا سخت نوٹس لیا ہے اور ملوث پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وائس آف انڈیا کے مطابق آئی جی پی کشمیر نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور لوگ مختلف فرقوں اور عقائد سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے (جی ایم سی سری نگر میں) واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔آئی جی پی نے کشمیر کے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ ان افواہوں کا شکار نہ ہوں جن سے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مفاد پرستوں کو کشمیر میں فرقہ وارانہ تانے بانے کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔دریں اثنا، پولیس نے کہا کہ جی ایم سی سری نگر کے ایک طالب علم کی طرف سے ایک مخصوص کمیونٹی کے مذہبی جذبات کے خلاف حساس مواد پوسٹ کرنے کے بعد ایک فوجداری مقدمہ، ایف آئی آر نمبر 13/24/ دفعہ 153، 153 اے، 295 اے، 505 کے تحت درج کیا گیا ہے۔جو پولیس اسٹیشن کرانگر میں آئی پی سی درج کیا گیا ہے۔پولیس آفیسر نے کہا کہ عام لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ افواہوں،جھوٹی معلومات پھیلانے سے باز رہیں۔ انہیں سماج دشمن عناصر کے جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ اشتعال انگیز کارروائی اکسانے میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔










