گانتھ مولہ بارہمولہ میں سبکدوش پولیس آفیسر کی ہلاکت افسوسناک ، ملوثین کو بخشا نہیں جائے گا / لیفٹنٹ گورنر

محبوبہ مفتی ، عمر عبد اللہ اور سید محمد الطاف بخاری سمیت دیگر کئی سیاسی لیڈران نے ہلاکت کی پرزور مذمت کی

سرینگر // بارہمولہ کے گانتھ مولہ علاقے میں سبکدوش پولیس آفیسر کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ اس وحشیانہ فعل کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ ادھر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ، نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ اور اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری سمیت دیگر کئی سیاسی لیڈران نے ہلاکت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق گانٹھ مولہ شیری بارہمولہ میں نامعلوم بندوق بردارو ں نے ریٹائرڈ پولیس آفیسر محمد شفیع میر پر گولیاں چلائی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا ۔ ہلاکت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا ’’اس وحشیانہ فعل کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ میری تعزیت ہے ‘‘۔ اسی دوران پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ایکس پر اپنی ایک ٹویٹ میںلکھا کہ گانٹھ مولہ بارہمولہ میں سبکدوش پولیس آفیسر کی ہلاکت کی خبر سننے سے کافی دکھی ہوئی ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں کہ مرحوم کو جنت میں جگہ دیں اور لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق بخشے ۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ گانٹھ مولہ بارہمولہ میں جنگجو یانہ حملے میں سابقہ پولیس آفیسر محمد شفیع کی ہلاکت انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میںوہ غم زدہ خاندان کے ساتھ ہے اور مرحوم پولیس آفیسر کی جنت نشینی کیلئے دعاگو ہے ۔ ادھر اپنی پارٹی کے صدر بخاری نے کہاکہ ’’بارہمولہ واقعہ بے حس خونریزی میں ایک اضافہ ہے جس نے ایک اور کشمیری خاندان کو تشدد کا شکار بنا یا‘‘۔ انہوں نے کہاکہ اِس طرح تشدد کے سنگین واقعات نے صرف جموں وکشمیر کی صورتحال مزید خرانا اور کزمید خاندانوں کو اذیتوں سے دوچار کرنا ہے۔ انہوںنے واقعے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا اور مطالبہ کیاکہ اِس کے ذمہ داران کی فوری شناخت کر کے اُنہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے