سال رواں کے آخر تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ،شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان
سرینگر // بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے بعد وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میںبہتری دیکھی گئی ۔ شہرہ آفاق گلمرگ کو چھوڑ کر وادی کے دیگر تمام علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں کافی بہتری آئی ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے سال رواں کے آخر تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی ہے ۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق وادی کشمیر ، جموں اور لداخ میں چلہ کلان کی شدید ٹھنڈ جاری ہے ۔ کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی شدید سردی کی لہر کے چلتے لوگوں کو سخت ترین مشکلات کا سامنا ہے ۔دوران شب وادی کے بالائی علاقوں خاص طور پر سونہ مرگ ، زوجیلا ، ستمن ٹاپ میں ہلکی برفباری ہوئی جبکہ کچھ میدانی علاقوں میں رم جم بارشیں دیکھنے کو ملی ۔ برفباری کے بعد گلمرگ چھوڑ کر واد ی کے دیگر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں غیر معمولی بہتری دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت گزشتہ رات منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہرہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 1.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ جموں میں گزشتہ رات 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اسی دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سال رواں کے آخر تک موسم مجموعی طو ر پر خشک رہے گا اور شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی ہے۔










