جنگلات میں خصوصی کمانڈو کی خدمات بھی حاصل ،متعدد علاقوں کا محاصرہ ، کچھ مشتبہ افراد پوچھ تاچھ کیلئے گرفتار
سرینگر // پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں ملی ٹنٹ حملے میں پانچ فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے حملے میںملوث ملی ٹنٹوں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کرد ی ہے اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن عمل میں لائیں گے جبکہ کچھ مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے ۔ اسی دوران فوج نے حملے میں مارے گئے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں ہو نگی ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق سال رواں کے دوران چوتھی مرتبہ فوج کو پونچھ اور راجوری سیکٹر میں اس وقت بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب جمعرات کے روز مسلح ملی ٹنٹوں نے فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ فوجی اہلکار لقمہ اجل بن گئے جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔ پونچھ اور راجوری کے درمیانی جنگلات میں سرنکوٹ کے ڈیرہ کی گلی کے جنگلی علاقے میں مسلح ملی ٹنٹوں نے گھات لگا کر فوجی ٹرک اور جپسی کو نشانہ بنا کر شدید فائرنگ کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ مسلح ملی ٹنٹوں نے نزدیکی پہاڑی سے فوجی گاڑیوں کو نشانہ بناکر شدید فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی وہاں کھلبلی مچ گئی اور فوجی اہلکاروں نے جوابی کارورائی کرتے ہوئے واپس گولیاں چلائی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی فائرنگ میں پانچ کے قریب 8اہلکار شدید طور پر زخمی ہو گئے اور خون میں لت پت وہی گر پڑے جس دوران ان میں سے تین کی موقعہ پر ہی موت ہوئی جبکہ پانچ دیگر اہلکار وں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں دو اور اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے اور اس طرح سے حملے میں مارے جانے والے فوجی اہلکاروں کی تعداد 5تک پہنچ گئی ۔ حملے کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز کی اضافہ کمک علاقے میں پہنچ گئی جنہوں نے پورے جنگلات میںبڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا اور ملی ٹنٹوں کو ھونڈ نکالنے کیلئے کارورائی تیز کر دی گئی ہے ۔ دفاعی ترجما ن نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کے سہ پہر تقریباً 3بجکر 45منٹ پر فوج کی دو گاڑیاں جو فوجیوں کو لیکر آپریشنل سائٹ کی طرف بڑھ رہی تھیں پر مسلح ملی ٹنٹوں نے نے فائرنگ کی۔ فوج نے فوری طور پر فائرنگ کا جواب دیا۔ جاری آپریشن میں، 4فوجی از جاں اور تین دیگر زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں ایک جپسی اور ایک ٹرک سمیت دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور بھی شامل ہیں۔فائرنگ میں ایک شہری ڈمپر بھی پھنس گیا تاہم گاڑی میں سوار کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ہلاک ہونے والے چار فوجیوں کی شناخت نائک بیرندر سنگھ، نائیک ڈرائیور کرن کمار، رائفل مین چندن کمار اور رائفل مین گوتم کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ پانچویں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔ادھر ذرائع کے مطابق اگرچہ فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، لیکن اطلاعات سے پتہ چلتا ہے ملی ٹنٹ ابتدائی طور پر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے لیکن ان کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ جمعہ کو بھی مسلسل دوسرے روز بھی سیکورٹی فورسز نے متعدد مقامات پر تلاشی آپریشن چلایا تاہم آخری اطلاعات ملنے تک کہیں سے بھی ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا ۔ ادھر حملے میں مارے گئے فوجی اہلکاروں کو فوج نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔










