Advisor Bhatnagar chairs BoDs meet of SICOP, SIDCO

مشیر بھٹناگر نے سیکاپ ، سڈکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس کی صدارت کی

جموں//لیفٹنٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں سیکاپ اور سڈکو کے بالترتیب 92 ویں اور 141 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز ( بی او ڈیز ) کی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و تجارت وکرم جیت سنگھ ، سیکرٹری ریونیو پیوش سنگلا ، منیجنگ ڈائریکٹر سڈکو /سیکاپ اندر جیت ، ڈی جی کوڈز فیاض احمد لون ، ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس کشمیر خالد مجید اور بورڈ کے دیگر ممبران نے ذاتی طور پر اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ یہ میٹنگ جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی اور اقتصادی ترقی سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال اور غور و خوض کے مقصد سے منعقد کی گئی تھی ۔ میٹنگ نے بی او ڈیز کو موجودہ منصوبوں کا جائیزہ لینے ، ان کے تاثرات کا جائیزہ لینے اور بڑھانے کیلئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کا موقع بھی فراہم کیا ۔ سیکاپ کی بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مشیر بھٹناگر نے کارپوریشن کی انتظامیہ پر زور دیا کہ سرکاری محکموں کے پاس بقایا رقم کی فوری وصولی کی جائے اور اس کی منظوری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔ مشیر نے کارپوریشن کے افسران سے کہا کہ کارپوریشن کے عملے اور دیگر اثاثوں کا موثر استعمال کیا جائے اور کارپوریشن کی ترقی کیلئے عملے کے کردار کی از سر نو وضاحت کی جائے ۔ انہوں نے کارپوریشن حکام سے پُر زور مطالبہ کیا کہ پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے کنسلٹنٹس کی ضرورت کو ختم کیا جائے کیونکہ اس سے پروجیکٹوں پر عمل درآمد میں غیر ضروری تاخیر ہوتی ہے ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی مشاورت کیلئے محکمہ تعمیراتِ عامہ کے ڈیزائن ونگ کی خدمات سے استفادہ کریں ۔ اس دوران مشیر نے یہ بھی دریافت کیا کہ صنعتی پالیسی 2021-30 کے تحت کس کو زمین الاٹ کی گئی ہے ۔ انہوں نے کارپوریشن کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام ضروری سہولیات جیسے بجلی ، پانی اور دیگر نئے ترقی یافتہ صنعتی اسٹیٹس میں پہلے سے ہی قائم ہو جائیں ۔ ایم ڈی سیکاپ نے میٹنگ کے دوران مشیر کو جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کی ترقی کے بارے میں بتایا ۔ میٹنگ کے دوران بی او ڈیز نے کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی اور انتظام کو بہتر بنانے کیلئے کچھ اہم فیصلے لئے ۔ دریں اثنا مشیر بھٹناگر نے سڈکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کی بھی صدارت کی ۔ میٹنگ کے دوران بی او ڈیز نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، سرمایہ کاری کے مواقع اور کارپوریشن کے پائیدار کاروباری طریقوں جیسے متنوع امور پر غور کیا ۔