cold in kashmri

40دنوں پر محیط چلہ کلان کی شروعات سے ایک دن قبل ہی شدید سردی کی لہر جاری

25دسمبر تک موسم مجموعی طورپر خشک رہے گا ،سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے / محکمہ موسمیات

سرینگر // 40دنوں پر محیط چلہ کلان کی شروعات سے ایک دن قبل ہی شدید سردی نے جموں ، کشمیر اور لداخ کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے ۔ جس کے نتیجے میں لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔ سرینگر میں ایک بار پھر رواں موسم کی سر د ترین رات ریکارڈ کی گئی اور شبانہ درجہ حرارت منفی3.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مشہور سیاحتی مرکز پہلگام میںمنفی 6.9ڈگری سیلشس کے ساتھ رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی ۔ دن بھر کھلی دھوپ نکلنے کے باعث راتیں انتہائی سرد ہونے والی ہے اور ریکارڈ ساز ٹھنڈ نے لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔اس دوران محکمہ موسمیات نے سردیوں میں مزید اضافہ کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 25دسمبر تک موسم مجموعی طورپر خشک رہے گا اور رات کے درجہ حرارت میںمزید گراوٹ آسکتی ہے ۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق بادشاہ چلہ کلان کی آمد سے ایک دن قبل ہی شدید سردی نے لوگوں کے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے پہنچاکر اہلیان وادی کو کپکپا دیا۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے دوران مطلع صاف رہنے اور دن میں کھلی دھوپ نکلنے کے باعث وادی کشمیر میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ آنے والوں دنوں میں شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی پوری وادی سخت ترین سردی کے لپیٹ میں آچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔ وادی کشمیر میں سردیوں کی لہر مسلسل جاری رہے جس کے چلتے ایک بار پھر رات کا درجہ حرارت کافی نیچے چلا گیا ۔ مشہور سیاحتی مرکز پہلگام میںمنفی 6.9ڈگری سیلشس کے ساتھ رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.7 ڈگری سیلشس جبکہ قاضی گنڈ اور پہلگام میں موسم کی سرد ترین رات بالترتیب منفی 4.2 ڈگری سیلشس اور 6.9 ڈگری سیلشس ریکارڈ کی گئی۔اس طرح سے محکمہ موسمیات کے مطابق شہرہ آفاق گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا جبکہ کپواڑہ میں پارہ منفی 3.8 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.1 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آنے والے دنوں کے دوران وادی کے لوگوںکو سخت سردی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ا س مدت کے دوران درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ہوگی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں کے دوران موسم خشک رہے گا تاہم درجہ حرارت مزید گر جائے گا اور وادی کے لوگوں کو شدید سردی کا سامنا کرناپڑے گا۔شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں سخت ترین ٹھنڈ جاری رہی اور دن کے وقت بھی لوگوں کو آنے جانے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد لوگ اضافی بسترے ، کمبل ، گرم ملبوسات اور روم ہیٹر و واٹر بوتل جیسی چیزیں خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں اور متعلقہ دکاندار لوگوں کی مجبوری یا ضرورت کا خوب فائدہ اٹھارہے ہیں اور انہوں نے یکایک ان سبھی چیزوں کی قیمتوں میں من مانے طور اضافہ کر دیا ہے ۔ادھر صوبہ جموں، جو کشمیر کے نسبت گرم خطہ ہے، میں بھی سردی کی لہر ہر گذرتے دن کے ساتھ اپنے تیکھے تیور دکھا رہی ہے۔