سرینگر // سرحدوں پر ڈرون کی بڑھتی سرگرمیوں کے بیچ بی ایس ایف نے پنجاب کے فیروز پور ضلع میں ایک چینی ساخت ڈرون ضبط کر لیا ہے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق بی ایس ایف نے پنجاب کے فیروز پور سرحد پر چینی ساخت ڈرون کو ضبط کر لیا ہے ۔ بی ایس ایف کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 8 دسمبر کو رات کے تقریباً 10بجے مابوگائوں کے قریب مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت کودیکھا۔انہوں نے بتایا کہ ڈرون کی نقل و حرکت دیکھنے کے بعد بی ایس ایف اہلکار متحرک ہو گئے اور انہوں نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کرد یا گیا ۔ تلاشی آپریشن کے دوران بی ایس ایف کے دستوں نے ایک چھوٹا ڈرون برآمد کیا جس میں ایک ہولڈ اور رہائی کا طریقہ کار تھا۔ بیان کے مطابق برآمد ہونے والا ڈرون ایک کواڈ کاپٹرماڈل جو کہ چینی ساخت کا تھا ۔ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب ڈرون کی مدد سے سرحد پار سے ہندوستانی علاقے میں اسلحہ یا منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی ہو۔ یہ خاص طور پر ریاست پنجاب میں ایک سنگین مسئلہ رہا ہے جہاں سرحد پار سے اسمگلروں کی طرف سے ڈرون کی مدد سے اسمگلنگ کی اکثر کوششیں کی جاتی ہیں۔










