سری نگر// 30 ؍اکتوبر سے 5 ؍نومبر تک منائے جانے والے ویجی لنس بیداری ہفتہ کے سلسلے میں آج صدر ٹریجریری سری نگر میں ایک بیداری پروگرام کا اِنعقاد کیا گیا جس کا موضوع’’رشوت خوری سے احتراز کرو ۔قوم کی خدمت کرو‘‘ تھا۔ اس پروگرام کا انعقاد صدرٹریجریری سری نگر نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آڈِٹ اینڈ انسپکشن کے اِشتراک سے ٹریجریری آفیسر صدر جاوید مقبول کھانڈے کی نگرانی میں کیا تھا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آڈِٹ اینڈ اِنسپکشن کی جانب سے سینئر آڈِٹ آفیسر سیّد فدا حسین اور آڈِٹ آفیسر گلزار احمد خصوصی مدعو تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ رشوت ستانی ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں ایک اہم رُکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔ اِس موقعہ پرحکومت کی طرف سے رشوت ستانی کے خاتمے کے لئے کئے جانے والے اَقدامات بشمول اِی۔ گورننس کی تبدیلی ، ڈی بی ٹی اَقدام سے شفاف طریقے سے حکومت کی مختلف سکیموں کے فلاحی فوائد کی تقسیم، اِی۔ ٹینڈرنگ کی عمل آوری ، پبلک پروکیورمنٹ، طریقہ کار کو آسان بنانے اور دیگر اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ اِس پروگرام کا مقصد تمام شراکت داروں کو رشوت ستانی کی روکتھام میں اِجتماعی طور پر حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے اور کورپشن کی موجودگی ، اسباب اور سنگینی اور اس سے لاحق خطرات کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنا ہے۔اِس موقعہ پر ٹریجریری آفیسر ٹنکی پورہ سائقہ حسن ،ٹریجریری آفیسر کورٹ اویس قادر، ٹریجریری آفیسر خانیار یاسر عرفات اور ٹریجریری یاسر عرفات اور ٹریجریری آفیسر لال منڈی کے نمائندے کے علاوہ عملے نے بھی شرکت کی۔










