یوٹی یومِ تاسیس:ریلیف آرگنائزیشن کی جانب سے تقسیم اَنعامات کی تقریب کا اِنعقاد

سری نگر//ریلیف آرگنائزیشن (ایم) جموں و کشمیر کے زیر اہتمام تقریبات کے کیلنڈر کے اختتامی دِن سوریہ بھون جموں میں تقسیم انعامات کی تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری ڈی ایم آر آر اینڈ آر ناظم ضیاء خان نے مختلف مقابلوں کے فاتحین میں انعامات تقسیم کئے۔ریلیف آرگنائزیشن نے کیمپوں اور مائیگرنٹ سکولوں میں کشمیری مائیگرنٹ کے لئے تقاریب کا کیلنڈر ترتیب دیا۔ مائیگرنٹ سکولوں میں زیر تعلیم زائد اَز 2000 سے مائیگرنٹ طالب علموں نے مصوری ، مضمون نویسی ، تقریر اور تفریح کے لئے دوڑ جیسے مقابلوں میں حصہ لیا۔یہ مقابلے 5سے8 برس تک، 8سے12برس تک اور 12سے 16 برس تک کے گروپوں کے لئے منعقد کئے گئے تھے۔ پہلی بار 50 برس یا اس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لئے رن فار فن ریس کا بھی اِنعقاد کیا گیا۔ جگتی میں مزید شمولیت کے لئے جسمانی طور خاص افراد کے لئے وہیل چیئر ریس اور بصارت سے محروم افراد کے لئے رن فار فن کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جو اس مقصد کے لئے ریلیف آرگنائزیشن کی طرف سے تعمیر کردہ خصوصی ٹریک پر منعقد کیا گیا تھا۔جیتنے والوں میں کل 200 انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔محکمہ سماجی بہبود سے وہیل چیئر ریس کے فاتحین کو 6 وہیل چیئرز بھی دی گئیں۔سوچھتا ہی سیوا کی طرف ایک بڑی پہل کے طور پرریلیف آرگنائزیشن کے زونوں،دفاتر اور مائیگرنٹ سکولوں میں صفائی کے مقابلے منعقد کئے گئے۔ دفاتر میں کیمپ کمانڈنٹ مٹھی کے دفتر کو ’’سوچھ احاطے‘‘کا انعام دیا گیا اور سکولوں میں سے گورنمنٹ مکسڈ ہائیر سیکنڈری سکول پورکھو کو سیکرٹری نے ’’سوچھ سکول‘‘کا انعام دیا۔ناظم ضیاء خان نے ریلیف آرگنائزیشن کی کاوشوں کو سراہا اور مقابلوں میں جیتنے والوں کومُبارک باددی۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت مائیگرنٹوںکی بہبود کے لئے پُرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام اَقدامات کی حمایت کرے گی۔کمشنر ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کے کے سدھا نے عہد کیا کہ مائیگرنٹوں کو تناؤ سے پاک بنانے، جسمانی تندرستی اور سوچھتا ہی سیوا پروگرام کی طرف سب کی حوصلہ افزائی کے لئے اس طرح کی مزید تقریبات کا اِنعقاد کیا جائے گا۔ اُنہوں نے محکمہ کے اقدامات کے بارے میں سب کو آگاہ کیا اور تمام کشمیری مائیگرنٹوں سے اپیل کی کہ وہ اس سے فائدہ اُٹھائیں۔