گاندر بل میں جیب کتروں کا گربے نقاب

نقدی25ہزار سمیت3خواتین گرفتار :پولیس

سری نگر//پولیس نے بتایا کہ، پچھلے کچھ دنوں سے، پولیس اسٹیشن کنگن کو مختلف ذرائع سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ چند بدنام افراد کا ایک ٹولہ پی ایس کنگن کے دائرہ اختیار میں دندناتے پھر رہا ہے، خاص طور پر اس علاقے میں معصوم لوگوں کی جیبیں کاٹ کر فرار ہو جاتے ہیں جس میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کنگن میں کئی واقعات رونما ہوئے۔پولیس نے کارروائی کر کے3خواتین جیب کتروں کو گرفتار کرکے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق مجرموں کو پکڑنے کے لیے ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر ایس ڈی پی او کنگن کی نگرانی میں ایس ایچ او پی ایس کنگن انسپکٹر ظہور کی قیادت میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے برق رفتاری سے کام کرتے ہوئے معتبر ذرائع کی مدد سے کنگن مارکیٹ میں ایک جال بچھا دیا اور تین خواتین (نام ظاہر نہ کیے گئے) کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک شخص بشیر احمد میرمنگت ساکن ہیر گانیون کی جیب کو کاٹ لیا گیا تھا۔ دریں اثنا، تینوں نے 25000روپے کی نقدی کے ساتھ موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس پارٹی نے تدبیر سے ان سب کو گرفتار کر لیا۔ مسروقہ رقم برآمد اور ضبط کر لی گئی۔اس سلسلے میں، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر 118/2023پی ایس کنگن میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔ لوگوں نے گاندربل پولیس کو ان کی تیز کارروائی کے لیے سراہا اور ان کی تعریف کی۔