شہرسری نگر اور اطراف و اکناف میں سیکورٹی بڑھا دی گئی
سری نگر// صدر ہنددروپدی مرمو کے بدھ کو کشمیر کے دورے سے قبل سری نگر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے جس کے دوران وہ کشمیر یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب میں شرکت کریں گی، جبکہ ایل جی جموںو کشمیر نے گزشتہ روز ہی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سیکورٹی کے حوالے سے منعقد کی ہے ۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق عہدیداروں نے بتایا کہ وادی میں مرمو کی آمد سے ایک دن قبل ہی سیکورٹی فورسز بشمول پولیس اور نیم فوجی سی آر پی ایف کو کشمیر یونیورسٹی کے ارد گرد مناسب تعداد میں تعینات کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی ایجنسیاں شہر میں علاقے پر تسلط کی مشقیں کر رہی ہیں، جن میں گاڑیوں کی بے ترتیب چیکنگ اور تقریب کے مقام کے ارد گرد رہائشی علاقوں میں گشت شامل ہے عہدیداروں نے مزید کہا کہ ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں جیسے جدید آلات کو شہر میں چوکسی برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے صدر کے دورہ کشمیر سے قبل سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے الگ الگ میٹنگوں کی صدارت کی۔سنگھ نے پی سی آر کشمیر میں میٹنگ کی جہاں صدر کے دورے کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات بشمول راستے میں، مقامات کے اندر اور اطراف میں تفصیلی تعیناتی پر غور کیا گیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ میٹنگ میں مختلف فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سے افرادی قوت کی تعیناتی اور رابطہ کاری کے پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ ڈی جی پی نے کشمیر زون کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔جن لوگوں نے میٹنگ میں شرکت کی ان میں اے ڈی جی سی آر پی ایف، جے کے، نلین پربھات، اے ڈی جی پی، ہیڈ کوارٹر، ایم کے سنہا، اے ڈی جی پی، کشمیر زون، وجے کمار اور آئی جی پی سی آئی ڈی نتیش کمار شامل تھے۔ڈی جی پی نے وی وی آئی پی کی سیکورٹی کے لیے تعینات مختلف ایجنسیوں اور فورسز کے درمیان بہترین ہم آہنگی پر زور دیا۔سنگھ نے ملک دشمن عناصر کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے چوکس رہنے کے ساتھ ساتھ گشت اور رات کے تسلط پر بھی زور دیا، خاص طور پر بین الاضلاعی راستوں اور سری نگر شہر کے اطراف میں۔انہوں نے تعیناتی کے حصے کے طور پر وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور ٹیکنالوجی اور حفاظتی آلات بشمول سی سی ٹی وی کیمروں کے استعمال پر بھی زور دیا۔










