تارکین وطن کو بچانے کیلئےاطالوی کوسٹ گارڈ کی ڈرامائی کارروائی

اٹلی کے کوسٹ گارڈ کے عملے نے درجنوں غیر قانونی تارکین وطن کو ڈرامائی طور پر امدادی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے اس وقت بچا لیا، جب وہ اٹلی کے جزیرے لیمپڈوسا کے ساحل پر موجود خطرناک اور گہری چٹانوں میں پھنسے ہوئے تھے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شمالی افریقہ سے سمگلروں کی مدد سے فرار ہونے والے تارکین وطن کی تین کشتیاں الگ الگ واقعات میں خراب موسم کی وجہ سے اپنے راستے سے بھٹک گئیں۔ حادثے میں بچ جانے والوں کا کہنا ہے کہ سمندرمیں پھنسنے والی کشتیوں میں سوار 30 تارکین وطن لاپتہ ہیں، جبکہ امدادی کارکنوں نے سمندر سے تین لاشیں نکال لی ہیں۔ یہ ایک خطرناک امدادی کارروائی تھی، جس میں حصہ لینے والے دو ہیلی کاپٹروں نے انتہائی تیز سمندری ہواوں میں ایک ایک کر کے ایک بچے اور دو حاملہ عورتوں سمیت دیگر تارکین وطن کی جان بچائی، جو دو دن سے اٹلی کے لیمپڈوسا جزیرے کے ساحل پر انتہائی تنگ اور گہری سمندری چٹانوں میں پھنسے ہوئے تھے ۔ ان تارکین وطن کی کشتی کو گزشتہ جمعے کے روز حادثہ پیش آیا تھا ۔ اطالوی کوسٹ گارڈ کے ارکان نےتین کشتیوں میں سوار 57 تارکین وطن کو طوفانی سمندر سے بچانے کے لئے رسی کی سیڑھیاں استعمال کیں ۔ امدادی کارروائی کرنے والے الپائن اسسٹنس گروپ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چٹان پر دو راتوں سے پھنسے تمام 34 تارکین وطن کو بچا لیا گیا ۔ اس گروپ کے ماہرین نے اطالوی ائیر فورس کے ایک ہیلی کاپٹر سے لٹکتے ہوئے ان تارکین وطن کو بچایا۔ تارکین وطن ، جن میں سے کچھ نے نیکریں اور ہوائی چپلیں پہنی ہوئی تھیں، اس وقت تک اپنے امدادی کارکنوں سے لپٹے رہے جب تک انہیں کھینچ کر ہیلی کاپٹر میں سوار نہیں کرا دیا گیا۔ کچھ کو بچانے کے لئے فائر فائٹرز کے ایک ہیلی کاپٹر نے مدد کی ۔
یہ تارکین وطن جوشمالی افریقہ سے اسمگلروں کی تین کشتیوں میں روانہ ہوئے تھے، الگ الگ واقعات میں سمندری طوفانوں میں اپنی کشتیاں الٹنے کے سبب اختتام ہفتہ سمندر میں واقع ا ایک چٹان پر پھنس گئے تھے۔لامپدوسا کی ایک نرس نے اٹلی کے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ طبی عملے نے دونوں حاملہ عورتوں کا معائنہ کیا ہے ۔ خواتین پانی کی کمی اور زکام میں مبتلا تھیں لیکن وہ نفسیاتی طور پر زیادہ پریشان تھیں ۔ہیلی کاپٹر کی یہ کارروائی اس کے بعد کی گئی جب کوسٹ گارڈ نے یہ اندازہ لگایا کہ سمندر کی طوفانی لہروں کے باعث امدادی کشتیاں چٹانوں تک بحفاظت نہیں پہنچ سکیں گی ۔ اس سے ایک روز قبل ، اطالوی ہیلی کاپٹروں نے چٹان میں پھنسے تارکین وطن کے لیے فضا سے خوراک ، پانی اور گرم کمبل پھینکے تھے ۔