جگہ جگہ بدبو ،عفونیت اور کتوں کی دہشت ،سری نگرمیونسپل کارپوریشن کی کوڑاکرکٹ جمع کرنے کی ٹرانسپورٹ سروس ناکافی
سری نگر//جہاں سیول لائنز کی سڑکوں ،پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پرکوڑے دان نظر آتے ہیں ،وہیں سری نگرشہر کے بیشتر آبادی والے علاقوں میں رکھے گئے چھوٹے بڑے کوڑے دانوںکوسری نگرمیونسپل کارپوریشن نے ہٹادیاہے ،جسکے نتیجے میں اب ایسی بیشتر کھلی جگہوں جہاں کوڑے دان ہواکرتے تھے ،لوگ گھروںمیں جمع ہونے والے کوڑے کرکٹ ،کچرے اورغذائیات کو پھینک دیتے ہیں ۔جے کے این ایس کوشہر کے مختلف علاقوں بشمول پائین شہر ،راجباغ،کرسو،جواہر نگر،مہجور نگر ،بتہ مالو ،سونہ وار اورڈلگیٹ کے لوگوںنے بتایاکہ سری نگرمیونسپل کارپوریشن نے یہاں چھوٹے بڑے کوڑے دان نصب کئے ہوئے تھے ،اور لوگ گھروںمیں جمع ہونے والے کوڑے کرکٹ اور کچرے کے علاوہ بچے ہوئی کھانے کوبھی علی الصبح یاشام دیر گئے یہاں ڈال دیتے تھے ،اور پھراگلی صبح SMCکی گاڑیاں آکر ان کوڑے دانوں میں جمع ہونے والے کوڑے کرکٹ وغیرہ کولے جاتی تھیں۔انہوںنے بتایاکہ کچھ ماہ قبل ہم نے اپنے گھروںکے نزدیک کھلی جگہوں پر رکھے گئے کوڑے دانوںکو غائب پایا،اوراب ہمیں صبح کے وقت ایس ایم سی کی کوڑاکرکٹ لے جانے والی چھوٹی گاڑیوںکاانتظار کرنا پڑتا ہے ،جبکہ ان گاڑیوں کی سیٹی بجنے تک کوڑا کرکٹ گھروں میں ہی پڑا رہتاہے ،جسکے نتیجے میں گھروں کے اندر بدبو آتی ہے ۔لوگوںنیچھوٹے بڑے کوڑے دان غائب کئے جانے پرحیرانگی کااظہار کرتے ہوئے بتایاکہ سری نگرمیونسپل کارپوریشن کے اس اقدام سے شہریوںکوکوئی راحت تو نہیں ملی ،لیکن تکلیف میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ پہلے ہم آسانی سے گھروںاور کاروباری مراکز ،کارخانوں میں جمع ہونے والا کوڑاکرکٹ نزدیکی کوڑے دان میں ڈال دیتے تھے ،لیکن اب ہمیں ایس ایم سی کی مخصوص کوڑا لے جانے والی چھوٹی گاڑیوںکاانتظار کرنا پڑتاہے ،جن میں زیادہ کوڑا کرکٹ ڈالنے یا لے جانے کی گنجائش نہیں ہوتی ہے ۔لوگوںنے بتایاکہ جب یہ گاڑیاںکسی علاقے یابستی میں پہنچ جاتی ہیں ،تو ڈرائیور مکینوںکو خبردارکرنے کیلئے ہارن بجاتا ہے یاکہ اس کامعاون ورکر سیٹی بجنے لگتا ہے ۔اور پھر کچھ منٹ تک ہی یہ گاڑی کوڑاکرکٹ لے جانے کیلئے اس علاقے یابستی کی کسی گلی میں کھڑی رہتی ہے ۔اوراس دوران جس کسی گھروالے نے کوڑاکرکٹ نکال کراس میں ڈال دیا ،اُس کو کوئی پریشانی نہیں ،لیکن جو گھرانے کوڑا کرکٹ بروقت نکال کر مخصوص گاڑی میں نہیں ڈال سکتے ہیں ،تواُن کے گھروںمیں اس کوڑے کرکٹ سے دن بھر اوررات کے وقت بدبو اور عفونیت اُٹھتی رہتی ہے اوراس وجہ سے مختلف کیڑے مکوڑے بشمول مکھیاں اور مچھر وہاں جمع ہوجاتے ہیں ۔شہریوں نے مزید بتایاکہ جن جگہوں سے کوڑے دانوں کو ہٹا دیاگیاہے ،وہاں لوگ آج بھی گھروں میں جمع ہونے والے کوڑے کرکٹ اور فضلہ کو ڈالے دیتے ہیں ،اور پھروہاں کتوں کے جھنڈ جمع ہوکر رات بھر بھونکتے رہتے ہیں ۔شہریوںنے کمشنر ایس ایم سی سے مانگ کی کہ آبادی والی بستیوںکو کوڑے کرکٹ اور فضلہ کی بدبو وعفونیت نیز کتوں کے شر سے بچانے کیلئے بڑے کوڑادان دوبارہ ایسے علاقوںمیں لگائے جائیں یا پھر کوڑالے جانے والی گاڑیوںکی تعدادمیں اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ اُن کو دن میں دومرتبہ بستیوںمیں بھیجاجائے ۔










