ڈاکٹروں ومیڈکل افسروں سمیت40 فیصد سے زائد آسامیاں خالی
شوپیاں//جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں ہیلتھ بلاک زین پورہ میں تقریباً 40 فیصد منظور شدہ آسامیاں خالی پڑی ہیں، جس کی وجہ سے اس بلاک میں مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہو رہی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ایک عہدیدار نے انکشاف کیا کہ ہیلتھ بلاک زین پورہ میں 95 منظور شدہ آسامیوں میں سے صرف 56 آسامیاں پْر ہیں جبکہ 39 فیصدآسامیاںبرسوں سے خالی پڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاک میں5 گزیٹیڈ آسامیاں خالی ہیں جن میں ایک کنسلٹنٹ اور4 میڈیکل آفیسرز بشمول2 ڈیپوٹیشن میڈیکل آفیسرز کی ریزرو پوسٹیں شامل ہیں۔اہلکار نے مزید کہا کہ بلاک میں82 نان گزیٹیڈ آسامیاں خالی ہیں جن میں ایک ہیڈ فارماسسٹ، ایک سینئر فارماسسٹ، چار لیب ٹیکنیشن، ایک جونیئر ڈینٹل ٹیکنیشن، ایک ایکسرے ٹیکنیشن، ایک تھیٹر ٹیکنیشن، 6 سٹاف نرسیں، 2 کمیونٹی ہیلتھ افسران، 2 ایچ ای، ایک فزیو تھراپسٹ، 4 معاون، 2 بی ایچ ڈبلیو، ایک ڈرائیور اور ایک الیکٹریشن شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاک میں کلاس فورتھ کی 6 پوسٹیں خالی ہیں جن میں 3 نرسنگ آرڈرلی اور دھوبی، آیا اور چوکیدار کی ایک ایک پوسٹ بھی خالی پڑی ہے۔حکام نے بتایا کہ اس میڈیکل بلاک میں کوئی ڈاکٹر یا پیرا میڈیکل اسٹاف دوسرے اسپتالوں سے منسلک نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلاک میں کہیں بھی ایم آر آئی، سی ٹی اسکین کی سہولت نہیں ہے جبکہ ایکسرے اور یو ایس جی کی سہولیات صرف سی ایچ سی زین پورہ میں دستیاب ہیں اور بلاک میں پی ایچ سی کی سطح پر ایسی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے، اس کے علاوہ صرف سی ایچ سی کی سطح پر گائناکالوجسٹ دستیاب ہے۔ ہدیداروں نے کہا کہ بلاک میں 40 فیصد آسامیاں خالی ہونے کے باوجود وہ بلاک میں چیزوں کو اچھی طرح سے سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آسامیوں کے معاملے کو کئی بار اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا گیا ہے اور وہ پرامید ہیں کہ جلد ہی یہ آسامیاں پْر کر دی جائیں گی تاکہ بلاک میں صحت کی سہولیات کو بڑھایا جا سکے۔










