Manoj Sinha

لیفٹیننٹ گورنر نے کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقے کا دورہ کیا

ہندواڑہ میںکثیر مقصدی اِنڈور سپورٹس ہال کپواڑہ کے نوجوانوں کیلئے وقف کیا

کپواڑہ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقے کا دورہ کیا اور ضلع کی ہمہ گیر ترقی کے لئے کھیلوں او رمختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہندواڑہ میں کثیر مقصدی اِنڈور سپورٹس ہال کپواڑہ کے نوجوانوں کو وقف کیا۔اُنہوں نے کہا کہ 4کروڑ روپے مالیت کا سپورٹس ہال جو کہ بہترین سہولیات سے آراستہ ہے ، مقامی نوجوانوں کی کھیلوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائے گا اور ان کی ترقی کو بہتر بنائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اِس طرح کی سہولیات ہمارے ’’ ہر دِن کھیل ، سب کے لئے کھیل ‘‘ کے عزم کو مضبوط کرنے میں بھی اہم کردار اَدا کریں گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں جموںوکشمیر کو کھیلوں کا ایک اُبھرتا ہوا پاور ہائوس بنانے میں کھلاڑیوں کے تعاون کا اعتراف کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ ایک طویل عرصے سے سہولیات تک رَسائی ، کیریئر کی ترقی کے راستے اور کارکردگی دِکھانے کے مواقع کھلاڑیوں کے لئے میسر نہیںتھے۔ہم ایک سپورٹ سسٹم بنانے کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور اُنہیں بااِختیار بنا رہے ہیں کہ وہ اَپنی صلاحیتوں تک پہنچ سکیں او راَپنی نان سپورٹنگ والی زندگی تحفظ سے گزار سکیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی ایونٹوں میں ملک او ر جموںوکشمیر یوٹی کا نا م روشن کر نے والے 200 کھلاڑیوں کو جلد ہی سرکاری ملازمتوں کے تقرری نامے فراہم کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے اِفتتاحی تقریب میں کپواڑہ ضلع کے ترقی کے سفر، اَمن قائم کرنے اور لوگوں کی زندگی میں خوشحالی لانے کے لئے حکومت کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج جن کھیلوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح کیا گیا ہے وہ ضلع کے عوام کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ ترقی صرف اَمن کی حالت میں ممکن ہے ۔ ہماری واضح پالیسی ہے کہ قصورواروں کو نہ بخشیں اور بے گناہوں کو ہاتھ نہ لگائیں۔یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ اَمن اور ترقی کی راہ پر تمام شہری خوشحالی اور وقار کی زندگی گزاریں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے سماج کے تمام طبقات کی بہبود اور بااِختیار بنانے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ نہ صرف معاشی ترقی کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ قبائلی کمیونٹی سمیت زمین سے محروم آبادی کو زمین فراہم کر کے سماجی انصاف کی فراہمی بھی کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ ہمارا مقصد معاشرے میں تحفظ اور خوشی کے احساس کو یقینی بنانا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ لوگوں کی توقعات پوری ہوں اور تمام طبقے ایک نئے جموں و کشمیر کی تعمیر کے لئے کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف شعبوں میں حاصل کی گئی پیش رفت اور سب کی زندگی میں اس کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی تیز رفتاری سے جاری ہے اور عام آدمی ترقیاتی عمل کا اہم حصہ دار ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سرحدی سیاحت کو فروغ دیا ہے تاکہ ُدور دراز علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے سے منسلک کیا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت سب کے لئے کام کر رہی ہے اور یقین دِلایا کہ لوگوں کے حقیقی مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کپواڑہ کے لئے ریلوے لائن پر اِبتدائی عمل شروع کیا ہے ۔ اُنہوں نے مزید یقین دِلایا کہ لولاب سے بانڈی پورہ تک سڑک کو جلد منظور کیا جائے گا ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج کی تکمیل کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔لیفٹیننٹ گورنر نے تقریب کے موقعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کی اور جموںوکشمیر بالعموم اور کپواڑہ میں بالخصوص سیاحت ، کھیل اور دیگر شعبوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں ان کے سوالات کے جوابات دئیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ کپوارہ امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ ضلع نے جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ عوامی نمائندے اور کپواڑہ کے لوگ جموں کشمیر کو نئی سمت دے رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کپواڑہ ضلع کی سرحدی سیاحت پر پوری توجہ دے رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے دورے کے دوران بنگس میں سپورٹس کمپلیکس کی ترقی سمیت 32کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوںبشمول گرڈ سب سٹیشن ولگام اور آرام پورہ کا اِضافہ، گورنمنٹ ڈگری کالج سوگام ، کپواڑہ میں اَرتھ سائنس بلاک کی تعمیر ، جی ایچ ایس ایس ہندواڑہ میں تین منزلہ فریم ڈھانچے کی عمارت ، لولاب میں کلاروس لستیال کول کی تعمیر کا اِفتتاح کیا ۔ اِن منصوبوں میں واٹر سپلائی سکیم کنڈلان کرانو ٹنگڈار بھی شامل تھی۔چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل کپوارہ عرفان سلطان پنڈت پورہ نے ضلع کپواڑہ میں جاری ترقیاتی کاموں کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں یوٹی اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیط اور سیکرٹری جموںوکشمیر سپورٹس کونسل محترمہ نزہت گل نے جموںوکشمیر کے کھیلوں کے شعبے میں ریکارڈ کئے گئے بے مثال اَقدامات اور کامیابیوں کی تفصیلات بتائیں۔اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ جموںوکشمیر یوٹی نے 2023ء کی پہلی سہ ماہی میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے 30 لاکھ لوگوں کے اعداد و شمار کو عبور کیا۔اِس موقعہ پر اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری ،ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ محترمہ آیوشی سوڈان، پی آر آئیز اور یوایل بی نمائندے ، کھلاڑی او ربڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔