بزرگ شہریوں کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی اور اُنہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا
جموں//کمشنر سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود شیتل نندا نے روپ نگر میں بزرگ شہریوں کے لئے ڈے کیئر سینٹر آہت وقار کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود محکمہ جموں وویک شرما، ایم ڈی مشن وتسالیہ ہرویندر کور ، ڈی ایس ڈبلیو اور جموں ممتاراجپوت اور محکمہ دیگر اَفسران اور ملازمین تھے۔کمشنر سیکرٹری موصوفہ نے بزرگ شہریوں سے گفتگوکی اور مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ڈے کیئرکے بزرگ شہریوں نے محکمہ سماجی بہبود کا شکریہ اَدا کیا کہ محکمہ نے بزرگ شہریوں کی ذہنی اور جسمانی تندرستی کے لئے ڈے کیئر میں مختلف سہولیات فراہم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے جو کہ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی میں بہت اہم ہے۔ڈے کیئر آہت وقار میں فراہم کی جانے والی سہولیت میں بیڈ منٹن کورٹ ، ٹیبل ٹینس ، یوگا روم ، کمپیوٹر سہولیت کے ساتھ وائی فائی ، کیرم بورڈ ، شطرنج اور موسیقی کے آلات شامل ہیں۔ڈے کیئر سینٹر میں وقتاًفوقتاً میڈیکل کیمپ ، یوگا کیمپ اور دیگر سرگرمیاں اَنجام دی جاتی ہیں۔ڈے کیئر کی رُکنیت اِس ماہ 250 سے تجاوز کر گئی ہے جس میں مستقبل قریب میں اِضافہ ہونے کی توقع ہے ۔ کمشنر سیکرٹری نے صنفی مساوات اور خواتین کو بااِختیار بنانے کے مفاد میں خواتین ممبران کی مساوی شرکت کے لئے علیٰحدہ کمرہ فراہم کرنے کا بھی یقین دِلایا ہے تاکہ وہ بھی محکمہ کی طرف سے فراہم کئے جانے والے فوائد سے اِستفادہ کرسکیں۔










