جموں//کمشنر سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود شیتل نندا نے روپ نگر میں ’’ سخی نواس ‘‘ ورکنگ وومنز ہوسٹل کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود محکمہ وویک شرما ، ایم ڈی مشن وتسالیہ ہرویندر کور ار اور ایس ڈبلیو ڈی کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔اِس موقعہ پر شیتل نندا نے خطاب کرتے ہوئے مشن شکتی رہنماخطوط کے تحت ’’ سخی نواس ‘‘ کی اہمیت پر رشنی ڈالی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سماجی بہبود کی کوشش ہے کہ معاشرے کے مختلف طبقوں تک بیداری پروگراموں ، مہمات کا اِنعقاد کیا جائے جن کا مقصد خواتین کی بہتری ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس اقدام کا مقصد صنفی مساوات ، خواتین اور لڑکیوں کو ہر سطح پر بااِختیار بنانا ہے۔ محکمہ سماجی بہبود جموں نے ’ سخی نواس‘ کا قیام مشن شکتی رہنما خطوط کے تحت کیا ہے۔ ہوسٹل کی یہ سہولیت اُن خواتین کے لئے ہے جو دیہی علاقوں سے تعلق رکھتی ہیں اور جموںشہر میں روزگار اور اعلیٰ تعلیم یا تربیت کی تلاش میں ہیں۔اِس سکیم میں خواتین کے کام کرنے اور پیشہ ور ملازمت کے آزادانہ اِنتخاب کے حقوق کی بھی نشاندہی کی گئی ہے ۔ خواتین کے ہوسٹل میں سٹیڈی روم اورباورچی خانے کی سہولیات بھی موجود ہیں ۔ مزید برآں، یہ سیکورٹی گارڈ ز کی چوبیس گھنٹے نگرانی میں محفوظ اور خواتین دوست ماحول فراہم کرتا ہے۔










