جسٹس سنجے دھر اور جسٹس محمد اکرم چودھری کا راجوری کا دورہ

راجوری//جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنجے دھر اور جسٹس محمد اَکرم چودھری نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس راجوری اور منصف عدالتوں کی تعمیر کے لئے مجوزہ جگہ کا معائینہ کرنے کے لئے راجوری کا دورہ کیا ۔ججوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محترمہ کلپنا ر یوو ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجوری محمود چودھری ، ضلع ترقیاتی کمشنر وِکاس کنڈل ، ایس ایس پی محمداسلم ، سی اِی پی ڈبلیو ڈی پی سی تنوج ، چیف آرکیٹیکچر آفیسر جموں اور دیگر جوڈیشل اَفسران بھی تھے۔اِس دورے کا مقصد راجوری میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لئے مجوزہ جگہ کی فزیبلٹی کا جائزہ لینا تھا۔ دورے کے دوران ججوں نے جائے وقوعہ کا معائینہ کیا اور منصوبے کے تکنیکی اور قانونی پہلوؤں کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے اِستفساری گفتگو کی۔ججوں نے راجوری اور دیگر منصف عدالتوں میں ایک جدید اور اچھی طرح سے آراستہ عدالتی احاطے کی اہمیت پر زور دیا جو قانونی چارہ جوئی کرنے والوں، وکیلوں اور عدالتی افسران کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔جسٹس سنجے دھر نے میڈیا اَفراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،’’راجوری میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو اِنصاف تک بہتر رسائی ملے گی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کی طرف ایک بڑا قدم ہو گا۔‘‘اِس سے قبل دورے کے دوران صبح کے وقت جسٹس سنجے دھر اور جسٹس محمد اَکرم چودھری نے سندر بنی میں منصف کورٹ کی تعمیر کے لئے منتخب کردہ جگہ کا بھی معائینہ کیا ۔اُنہوں نے مجوزہ سائٹ کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے، پروجیکٹ کے تکنیکی اور قانونی پہلوئوں کے بارے میں معلومات اِکٹھی کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت کی۔ججوں نے راجوری میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس او رسندر بنی میں منصف کورٹ کے لئے مجوزہ جگہوں کے معائینے اور منصف کورٹ تھانہ منڈی کا بھی معائینہ کیا او رجوڈیشل اَفسران اور سول اَفسران کے ساتھ بات چیت کی تاکہ موجودہ عدالتوں میں مرمت اور تزئین و آرائش کے طریقے تلاش کئے جاسکیں۔جسٹس محمد اکرم چودھری نے جوڈیشل اَفسران کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی اور اِس میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وِکاس کنڈل ، ایس ایس پی راجوری محمد اسلم ، سی اِی پی سی تنوج ، ایڈیشنل ڈی سی سچن دیو سنگھ ، ایس اِی پی ڈبلیو ڈی کمل کشور گپتا اور پی ڈبلیو ڈی محکمہ کے دیگر اِنجینئروں نے شرکت کی ۔ضلع میں کرمنل جسٹس سسٹم کے کام کرنے کے حوالے سے عمومی مسائل پرسیرحاصل بحث و تمحیص کی گئی اور عوام کو انصاف کی مؤثر فراہمی کے لئے ایس ایس پی کو بہت سی ہدایات دی گئیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے یقین دِلایا کہ سندر بنی منصف کورٹ میں ضروری تزئین و آرائش کی جائے گی جبکہ ضلع کورٹ کمپلیکس میں پینے کے پانی کے مسئلہ کوبھی جل شکتی محکمہ سے حل کیا جائے گا ۔جسٹس اکرم چودھری جو ضلع راجوری کے اِنتظامی جج بھی ہیں ، نے بھی کورٹ کمپلیکس کا دورہ کیا اور وکلأ اور عدالتی اَفسران کے ساتھ بات چیت کی۔ججوں نے اچھی طرح سے آراستہ اور فعال عدالتوں کی اہمیت پر زور دیا جو قانونی چارہ جوئی کرنے والوں، وکیلوں اور جوڈیشل افسران کی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔ اُنہوں نے موجودہ عدالتوں کی بروقت مرمت اور تزئین و آرائش کی ضرورت پر زور دیا جس سے نہ صرف عدلیہ کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری آئے گی بلکہ مقدمات کو جلد نمٹانے میں بھی سہولیت ہوگی۔خطے میں ججوں کا راجوری کا دورہ عدالتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔عدلیہ تمام شہریوں کو قابل رسائی اور مؤثر انصاف فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ راجوری میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر اس عزم کا ثبوت ہے اور اس سے خطے میں عدلیہ کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔جموںوکشمیر ہائی کورٹ کے ججوں جسٹس سنجے دھر اور جسٹس محمد اکرم چودھری نے ضلع راجوری کے دِن بھر کے دورے کے دوران راجوری کی بار ایسو سی ایشن کے ممبران سے اِس کے صدر ایڈوکیٹ قمر چودھری کی قیادت میں بات چیت کی ۔