جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے راج بھون میں پونچھ کے سرنکوٹ میں قائم ایک کمیونٹی ریڈیو سٹیشن ریڈیو پیر پنجال 90.4 ایف ایم کے نوجوان ریڈیو جو کیز کی ایک ٹیم سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔ریڈیو جوکیز ٹیم کے عبدالماجد ، محمد قاسم ،محترمہ فائزہ تبسم اور محترمہ سارہ فاطمہ نے بریگیڈیئر ایم پی سنگھ اور لیفٹیننٹ کرنل وویک سنگھ کے ہمراہ لیفٹیننٹ گورنر کو ریڈیو سٹیشن کے کام، اس کے معلوماتی اور تفریحی پروگراموں کے ذریعے مقامی کمیونٹی کے تعاون سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کو مفاد عامہ کے تمام اَمور سے آگاہ کرنے ، اَپنے سامعین کو تعلیم دینے اور تفریح فراہم کرنے کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا۔اُنہوں نے مزید ان سے کہا کہ وہ اَپنے کمیونٹی ریڈیو سے نوجوانوں او رخواتین کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔ریڈیو سٹیشن کو ہندوستانی فوج نے راجوری اور پونچھ کے دونوں سرحدی اَضلاع کی ثقافت کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کے مقصد سے قائم کیا ہے ۔کمیونٹی ریڈیو سٹیشن ہندی او رپنجابی کے علاوہ گوجوی ، پہاڑی اور اُردو سمیت مختلف زبانوں میں پروگرام نشر کرتا ہے جو سامعین کو سماجی بہبود ، خواتین کو بااِختیار بنانے ، نوجوانوں کے روزگار اور سیاحت کے بارے میں آگاہ کرتا ہے ۔ریڈیو پیر پنجال کو ریڈیو کے عالمی دِن کے موقعہ پر 9ویں بین الاقوامی ریڈیو میلے بھونیشور اوڑیسہ میں منعقدہ آئوٹ ریچ پروگرام کے ذریعے ’ پبلک سروس میں ریڈیو کے بہترین اِستعمال ‘‘ کے لئے ایوارڈ دیا گیا ہے۔










