اننت ناگ//سیکرٹری قبائلی امور اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ، مشن یوتھ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے بوائیز ہائیر سکینڈری اسکول بجبہاڑہ میں انٹر ڈسٹرکٹ ایل جی رولنگ ٹرافی کے سیمی فائنل کا ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بشارت قیوم کی موجودگی میں افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد اقبال نے کہا کہ مشن یوتھ یو ٹی کا ایک منفرد اقدام ہے اور ایل جی رولنگ ٹرافی کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے جس میں ضروری سہولیات جیسے بنیادی ڈھانچہ ، یونیفارم ، کھیلوں کا سامان وغیرہ شامل ہیں ۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور اپنی توانائی کو پیداواری منصوبوں کی طرف منتقل کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں قابل قدر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ نوجوان اس پلیٹ فارم کا بہترین استعمال کریں گے تا کہ ذاتی ترقی اور یو ٹی میں کھیلوں کی مجموعی ترقی ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل جی رولنگ ٹرافی نے اس سال 40 ہزار سے زائد نوجوانوں کو راغب کیا ہے اور یہ ایونٹ ہر سال منعقد ہوتا رہے گا ۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں فعال کردار ادا کرنے پر محکمہ کھیل کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ جب کھیلوں کی بات آتی ہے تو اننت ناگ ہمیشہ سے پیش پیش رہا ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ ان مقابلوںمیں سب سے زیادہ شرکت پورے کشمیر ڈویژن میں اننت ناگ میں ہوئی ہے ۔ اس موقع پر معززین کو یادگاری نشانات پیش کئے گئے ۔ انہوں نے دونوں طرف کے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور انہیں سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دی ۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم بجبہاڑہ ، مشن یوتھ کے افسران ، جوائینٹ ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، ڈی وائی ایس ایس او اننت ناگ ، ڈی وائی ایس ایس او پلوامہ ، یوتھ سپورٹس اینڈ سروسز کے عہدیداران ، طلباء اور میڈیا برادری کے ارکان موجود تھے ۔










