میں اقتدارمیں آیا توروشنی اسکیم پھر نافذہوگی :سابق وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد
اننت ناگ//سابق وزیراعلیٰ اورڈی پی اے پی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے جمعرات کو کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ جائیداد ٹیکس کے نفاذ کو کچھ سالوں کیلئے اس وقت تک ملتوی کر دے جب تک کہ جموں و کشمیر میں معاشی صورتحال بہتر نہیں ہو جاتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آئی تو وہ روشنی ایکٹ کو واپس لائے گی جس کے تحت ریاستی اراضی پر قابضین کو ملکیتی حقوق دئیے گئے تھے۔جے کے این ایس کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ گزشتہ 35 سالوں میں جموں و کشمیر کی معاشی صورتحال ملی ٹنسی کی وجہ سے ’’خراب‘‘ہو گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر میںبے روزگاری، مہنگائی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ ہماری سیاحت، دستکاری، باغبانی کو بہت نقصان پہنچا ہے اور جموں و کشمیر کے لوگوں بشمول تاجروں، ٹرانسپورٹروں، دکانداروں کو نقصان اٹھانا پڑا ہے۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ لکھن پور سے ٹنگڈار تک کوئی بھی ایسا شخص نہیں ہے جس کا نقصان نہ ہوا ہو۔ لہٰذا، ایسی صورت حال میں جب ہم ان سے زمین لے رہے ہیں، بجلی کے چارجز بڑھا رہے ہیں، ہم پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ پچھلے جب سے آرٹیکل370 کو منسوخ کیا گیا تھا اور 2019 میں جموں و کشمیر ،یونین ٹریٹر ی میں تبدیل ہوا تھا، اور کووڈ 19پھیلنے کی وجہ سے بھی لوگوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ راشن کی سپلائی 35 کلو سے5 کلو تک بند کر دی گئی ہے۔ اس لئیعوام کو مہلت نہیں ملی، ان کی کوئی آمدنی نہیں ہے تو وہ ٹیکس کیسے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے لوگوں کو ٹیکس دینے میں کوئی پریشانی نہیں ہے لیکن پہلے آمدنی ہونی چاہیے۔ ہم جانتے ہیں کہ ٹیکس سے ہمیں فائدہ ہوگا، لیکن لوگوں کے پاس پہلے ٹیکس ادا کرنے کی طاقت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہہماری سیاحت کو پانچ چھ سال تک آسانی سے چلنے دیں، ہماری باغبانی کی پیداوار مارکیٹ میں جائے، ہماری دستکاری برآمد کی جائے، تب شاید ہم ٹیکس ادا کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ حکومت کو عوام سے ہمدردی رکھنی چاہیے اور دفاتر میں بیٹھ کر پالیسیاں نہیں بنانا چاہیے بلکہ عوام سے بات چیت کر کے پالیسیاں بنانا چاہیے۔سرکاری اراضی کو واگزار کرانے کی انسداد تجاوزات مہم پر، غلام نبی آزاد نے کہا کہ اس مہم کو روکنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت روشنی اسکیم کو دوبارہ نافذ کرے گی۔انہوںنے کہاکہ انسداد تجاوزات مہم کو روکا جانا چاہیے۔ سابق وزیراعلیٰ غلام نبی آزادکاکہناتھاکہ اگر میں حکومت بناتا ہوں تو ہم ایک بار پھر روشنی اسکیم کو نافذ کریں گے۔










