لوگوں کی مجموعی ترقی ، خودروزگار اور صفائی ستھرائی ضلع اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام
بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ایس ایف حامد نے ضلع بلاک بی کے پورہ میں پنچایت حلقہ براری گنڈ میں ہفتہ وار بلاک دیوس پہل کے ایک حصے کے طور پر عوامی شکایتی اَزالہ کیمپ کا اِنعقاد کیا۔یہ پروگرام گورنمنٹ مڈل سکول میں منعقد ہوا جہاں براری گنڈ، وادی پورہ اور دیگر ملحقہ دیہاتوں کے پی آر آئیز ، معزز بزرگوں اور مقامی نوجوانوں کے وفود نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو اَپنے مطالبات گوش گزار کئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے وفود کو بغور سنا او ران کے تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی۔ابتداً، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے کہا کہ لوگوں کی مجموعی ترقی ، خودروزگار اور صفائی ستھرائی ضلع اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔اُنہوں نے تعلیم کی بہتر سہولیات فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے سی اِی او بڈگام کو ہائی سکول براری گنڈ پر جاری کام کو تیز کرنے اور ہائیر سکینڈری سکول پراری گنڈ پروجیکٹ پر جلد کام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے ایس ڈی ایم چاڈورہ کو ہدایت دی کہ وہ ریونیو او رلینڈ ریکارڈ سے متعلق خدمات کو بروقت فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ 2؍ مارچ کو پنچایت حلقہ براری گنڈ میں ایک مشترکہ بیداری کیمپ کا اِنعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف سکیموں کے تحت رجسٹریشن اور مقامی نوجوانوں میں خود روزگار کے مختلف طریقوں سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔اُنہوں نے سڑکوں ، ٹرانسپورٹ ، تعلیمی اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اَفراد کو عوامی خدمات کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے پی ڈی ڈی حکام سے کہاکہ وہ بہتری کے کاموں کی اَنجام دہی او رمقامی لوگوں کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مقامی نوجوانوں کے لئے کھیل میدان کی سہولیت کے لئے مناسب زمین کی نشاندہی کی جائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیں او ربزرگوں سے اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے وارڈز منشیات یا کسی اور سماجی برائی سے دور رہیں۔اُنہوں نے سرکاری سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے مقامی لوگوں سے کہا کہ وہ مختلف سیلف ایمپلائمنٹ ، ویلفیئر اور ایمنسٹی سکیموں بشمول پی ڈی ڈی کی ایمنسٹی سکیم کے تحت اِندراج کریں تاکہ ان سکیموں کے تحت زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھایا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ دفاتر کی طرف سے مقامی لوگوں کو فراہم کی جانے والی پینے کے پانی ، بھیڑ و پشو پالن، زراعت اور دیگر متعلقہ شعبوں سے متعلق سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ایس ڈی ایم چاڈورہ پرنس نورالحامد، ایگزن پی ڈی ڈی ، اے آر ٹی او ، بی ڈی او ، تحصیل دار ، ڈی ایس ایچ او اور متعلقہ اَفسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر متعلقہ پانی سمیتی کمیٹی کی جانب سے پانی کی جانچ کے بارے میں بیداری بھی پیدا کی گئی۔










