پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے محمد رضوان کی سنچری کی بدولت کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے دی۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے 11ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔سلطانز کے اوپنر شان مسعود اور محمد رضوان نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پاور پلے میں کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔ابتدائی طور پر شان مسعود نے خاص طور پر جارحانہ انداز اختیار کیا جس کی بدولت سلطانز نے پاور پلے میں 50 رنز بنائے۔شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن 51 رنز بنانے کے بعد وہ شعیب ملک کو وکٹ دے بیٹھے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور رائلی روسو نے دوسری وکٹ پر طویل شراکت قائم کی اور اسکور 194 رنز تک پہنچایا۔محمد رضوان نے اس شراکت کے دوران پی ایس ایل کے رواں سیزن کی دوسری اور اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔رائلی روسو آخری اوور کی چوتھی گیند پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے لیے انہوں نے 21 گیندوں کا سامنا کیا اور 4 چوکے مارے۔محمد رضوان کی اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں پر 196 رنز بنا کر ایک مشکل ہدف دیا۔محمد رضوان نے 64 گیندوں پر 110 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔کیرون پولارڈ کو صرف 2 گیندوں کا سامنا کرنے کا موقع ملا اور اس میں انہوں نے 2 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے اوپنرز جیمز ونس اور میتھیو ویڈ نے اپنی ٹیم کو شان دار آغاز فراہم کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔دونوں غیرملکی کھلاڑیوں نے پاور پلے کا بھرپور استعمال کیا اور 6 اوورز میں اپنی ٹیم کو 72 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا بالخصوص جیمز ونس کا انداز انتہائی جارحانہ تھا جنہوں نے صرف 20گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔اس خطرناک شراکت کو توڑنے کے لیے کپتان رضوان لیگ اسپنر اسامہ میر کو باؤلنگ پر لائے جنہوں نے کپتان کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے پہلی ہی گیند پر میتھیو ویڈ کو چلتا کردیا جنہوں نے 20رنز بنائے تھے۔










