جموں//سیکرٹری ثقافت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے ابھینو تھیٹر کا دورہ کیا اور ابھینو تھیٹر کے احیاء سے متعلق مسائل پر تفصیلی بات چیت کی اور تھیٹر کی تزئین و آرائش کے عمل کو تیز کرنے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اِس موقعہ پر سپیشل سیکرٹری ترشلا کنڈل ، آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی طفیل متو، ڈائریکٹر فائنانس ستنا م سنگھ ، ایڈیشنل سیکرٹری وشوا جیت ، ایڈیشنل سیکرٹری جموںوکشمیر اکیڈمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لنگویجز ( جے کے اے اے سی ایل) سنجیو رانا اور جے کے اے اے سی ایل کے ڈویژنل آفس جموں کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ارویندر سنگھ اَماں اور محکمہ ثقافت کے دیگر اَفسران موجود تھے۔ ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے جموںو کشمیر اکیڈمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لنگویجزکے اَفسران اور ملازمین سے تبادلہ خیال کیا اور ان کی شکایات کو بغور سنا ، اُنہوں نے جے کے اے اے سی ایل میں طویل عرصے سے زیر اِلتوأ ترقیوں اور بھرتیوں کے بارے میں شدید تشویش ظاہر کی ۔ اُنہوں نے وہاں موجود فن کاروں سے بھی اِستفساری گفتگو کی اور مسائل کے بارے میں ایک جامع نقطہ نظر حاصل کرنے کے لئے ان کے تاثرات اور خدشات کو سنا۔مجموعی طور پر ان کا دورہ نتیجہ خیز رہا اور اُنہوں نے ابھینو تھیٹر کو بحال کرنے ، جے کے اے اے سی ایل اور اس کے ملازمین کے خدشات کو دُور کرنے کے لئے اَپنی لگن کو ظاہر کیا۔










