ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے ربن اور زینہ پورہ میں عوامی رسائی پروگرام ’بلاک دیوس‘ کی صدارت کی

لوگوں کے مسائل سنے اور اَفسران کو ان کے مسائل کے ازالے کی ہدایت جاری کی

شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے عوامی شکایات کا اَز خود نوٹس لینے کے لئے ہفتہ وار بلاک دیوس پروگرام کے تحت گورنمنٹ بوائز مڈل سکول ربن زینہ پورہ کے اَحاطے میں ایک عوامی رابطہ پروگرام کی صدارت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو عام لوگوں اور پنچایتی نمائندوں نے اَپنے علاقوں کی ترقی اور بہبود پر مبنی مطالبات اور کھیلوں ، تعلیمی ، ہیلتھ کیئر سہولیات وغیرہ میں بہتری کے بارے میں کئی مسائل گوش گزار کئے۔ان مسائل میں بجلی او رپانی کی بہتر فراہمی ، ربن اور ملحقہ دیہات کے نالوں کے ساتھ حفاظتی کام شامل ہیں۔علاقے کے عوام نے رِبن میں پی ایچ سی کے قیام،اِندرونی سڑکوں کی تعمیر، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب ، پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کی مرمت اور وِلیج تکیہ اور وِلیج ربن زینہ پورہ شوپیان کے ٹرانسفارمروں کو اَپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مقامی لوگوں کے پیش کردہ مسائل اور مطالبات کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل کو مرحلہ وار طریقے سے دُور کیا جائے گا۔اُنہوں نے جل شکتی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر رِبن میں پینے کے پانی کی پورٹیبل سہولیت فراہم کرنے کے لئے مناسب پائپ لائنوں کی تنصیب کو یقینی بنائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دوران تقریب بڑے عوامی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ضلعی اِنتظامیہ عام لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے اور شکایات کا بروقت اَزالہ کرنے کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے ۔اُنہوں نے مختلف عوامی مسائل پر لوگوںکے ساتھ استفساری گفتگو کی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں ان کی فعال شرکت کی کوشش کی۔تقریب کے دوران مختلف محکموں کے اَفسران نے عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے اورانہیں ضلع میں جاری سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی اور ان سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔اِس موقعہ پر سب ڈویژنل مجسٹریٹ زینہ پورہ مشتاق احمد ، تحصیلدار زینہ پورہ ، بی ڈی اوز زینہ پورہ ، اے اِی اِی آر اینڈ بی ، جل شکتی ، لائن ڈیپارٹمنٹوں کے اَفسران اور دیگر متعلقہ اَفراد موجود تھے۔اِس تقریب میں رِبن کے ملحقہ دیہاتوں سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔