جموں وکشمیر میں موجودہ صنعتی منظر نامے کی تبدیلی

66,000 کروڑ روپے کی نجی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول اور 1455 صنعتی یونٹس قائم

سری نگر//جموں و کشمیر یو ٹی کی تاریخ میں سب سے بڑے صنعتی انقلاب کا مشاہدہ کر رہا ہے اس مقصد کیلئے تقریباً ایک سال کی مدت میں 66,000 کروڑ روپے کی نجی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئیں ہیں اور ساتھ ہی 1,455 صنعتی یونٹوں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر ایڈمنسٹریشن کے وعدے کے مطابق ان قابل ذکر پیش رفت نے نئی نسل کیلئے بے پناہ امکانات کے دروازے کھول دئیے ہیں ۔ موجودہ صنعتی منظر نامے کو مستقبل میں ایک منافع بخش اوردیرپا ماحولیاتی نظام میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس سے معاش پیدا کرنے ، بہتر تعلیم ، مہارت کی نشو و نما اور زندگی کا بہتر معیار اُبھر کر سامنے آ رہا ہے ۔ روز گار کی تخلیق سے لے کر انٹر پرنیور شپ تک حکومت جموں و کشمیر کو انڈسٹری 4.0 ، چوتھے صنعتی انقلاب کا ماڈل بنانے جا رہی ہے ۔ حکومت ادارہ جاتی تیاری کو فروغ دینے ، کاروباری صلاحیت بڑھانے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے ۔ تبدیلی کا یہ اثر پوری جموںوکشمیر یو ٹی میں محسوس کیا جائے گا ۔ جموں و کشمیر میں نئی صنعتی ترقی کی سکیم کے تحت مینو فیکچرنگ اور سروس سیکٹر میں سرمائی کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے 28,400 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جس نے جموں و کشمیر میں اِقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں مدد کرنا شروع کی ہے ۔ یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی بہبود ، ترقی اور خوشحالی کیلئے نئے دور کا آغاز ہے ۔ صنعت و حرفت کی راہ میں حائل رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔ جموں و کشمیر کے لوگ اَب ان حقوق اور فوائد سے پوری طرح فائدہ اُٹھا سکتے ہیں جو اِنڈیا کے دیگر تمام شہریوں کو حاصل ہیں ۔ جموں و کشمیر اِنتظامیہ کی مسلسل کوششوں سے جموں و کشمیر بہترین مراعات اور بہتر بنیادی ڈھانچے کی سہولیات سے اس وقت نئے کاروبار قائم کرنے کیلئے ملک کے بہترین مقامات میں سے ایک کے طور پر اُبھر رہا ہے ۔ مزید برآں، جموں و کشمیر حکومت صنعتوں کی تمام اہم ضروریات کو پورا کر رہی ہے جس میں زمین کی الاٹمنٹ کی شفاف پالیسی ، نجی صنعتی اسٹیٹ کی ترقی ، کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنانا شامل ہے۔ اِس کے علاوہ اِنتظامیہ نے مثبت سوچ کے نقطہ نظر سے فعال طور پر کام کیا ہے اور مختصر مدت میں مختلف اَقدامات اور اِصلاحات متعارف کی ہیں ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کیلئے صنعتی سکیم خطے میں گھریلو مینو فیکچرنگ کو فروغ دے رہی ہے اور جموں و کشمیر کو آتم نربھر بننے میں مدد دے رہی ہے ۔ یہ سکیم نئی سرمایہ کاری ، خاطر خواہ توسیع اور جموں و کشمیر میں موجودہ صنعتوں کی پرورش کی حوصلہ اَفزائی کر رہی ہے ۔ اِنتظامیہ اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ نئی سکیم کی عمل آوری اس انداز میں کی جائے جو جموں و کشمیر میں سرمایہ کاروں اور کاروباریوں کیلئے دوستانہ اوربغیر پریشانی ہو تا کہ وہ اَپنے کاروباری منصوبوں کیلئے ایک بہتر اور ترقی پسند ماحولیاتی نظام تلاش کر سکیں ۔