پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نے سانبہ کا دورہ کیا

سانبہ//پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت پرشانت گوئیل نے سانبہ کے صنعتی علاقے کا دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں نئی صنعتی اسٹیٹس کی ترقی اور زمین کی دستیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پر سیکرٹری صنعت و حرفت سمیتا سیٹھی ، ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ انورادھا گپتا ، ایم ڈی سیڈ کو رمن کمار کیسر ، ایس ڈی ایم وِجے پور ، اے سی آر سانبہ کے علاوہ ریونیو ، اِنڈسٹریز اور سیڈ کو کے اَفسران بھی موجود تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے تحصیل بڑی برہمنا کا دورہ کیا جہاں اُنہیں جانکاری دی گئی کہ حد بندی کے بعد تمام دستیاب اَراضی سیڈ کو کے حوالے کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے محکمہ صنعت کی طرف سے اسٹیٹ کے قیام کے لئے کئے گئے کام کا بھی معائینہ کیا۔ پرنسپل سیکرٹری نے کرتھولی کے لئے متبادل اپروچ روڈ کے لئے جگہ کا بھی معائینہ کیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے یقین دہانی کی کہ ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی سانبہ کے ذریعے جلد اَز جلد فزیبلٹی رِپورٹ پیش کی جائے گی۔بعدمیں پرشانت گوئیل نے تحصیل سانبہ کرندی کا بھی دورہ کیا جہاں اِنڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی کے لئے تقریباً 364 کنال اَراضی دستیاب ہے۔ اُنہوں نے محکمہ صنعت سے کہا کہ صنعتی یونٹوں کے قیام کے لئے فوری طور پر اِنڈسٹریل اسٹیٹس کی ترقی شروع کی جائے ۔ بعد اَزاں، اُنہوں نے ڈرائی پورٹ کا بھی دورہ کیا جہاں کام شد و مد سے جاری ہے۔اُنہیں جانکاری دی گئی کہ ڈرائی پورٹ رواں مالی برس کے آخیر تک کام شروع کرے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی کہ اِنڈسٹریل اسٹیٹ کٹلی پر بھی ڈیلینیشن کا کام جاری ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ایم ڈی سیڈ کو او رمحکمہ صنعت کے دیگر اَفسران سے کہا کہ وہ اِنڈسٹریل اسٹیٹس کی ترقی کو تیز کریں۔