جموں//کمشنر سیکرٹری کوآپریٹیوڈیپارٹمنٹ یشامدگل اور سیکرٹری قبائلی اَمور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے آج قبائلی طبقوں کی فلاح وبہبود کے لئے نئی کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی تشکیل کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ قبائلی اَمور محکمہ کی طرف سے ایک رسمی پیش کش کی گئی جس میں اس کی بڑی سکیموں اور فنڈنگ کو اُجاگر کیا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ قبائلی اَمور محکمہ قبائلی طبقوں کی روزی روٹی بڑھانے کے لئے پردھان منتری وَن دھن یوجنا کو نافذ کر رہا ہے ۔سکیم کے تحت کوآپریٹیو سوسائٹیاں شناخت شدہ مصنوعات کی قدر میں اِضافے کے لئے شامل ہوں گی ۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ قبائلی آبادی والے علاقوں میں پہلے سے موجود کوآپریٹیو سوسائٹیوں کو پہلے مرحلے میں 100 وَن دھن وِکاس کیندروں کے قیام کے لئے نشانہ بنایا جائے گا جو بازار کے ربط کی بنیاد پر اشیاء کا اِنتخاب کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ مزید ایسی سوسائٹیوں کو فاسٹ ٹریک بنیاد پر رجسٹرڈ کیا جائے گا ۔کمشنر سیکرٹری کوآپریٹیو محکمہ نے محکمہ اَفسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ قبائلی اَمور محکمہ کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کرنے کے مواقع کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لئے پورے جوش و جذبے کے ساتھ کام کریں۔نوڈل آفیسر ٹرائبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ جموں و کشمیرڈاکٹر عبدالخبیر نے ان علاقوں کے بنیادی حقائق پیش کئے جہاں دونوں محکموں کے درمیان ہم آہنگی ممکن ہے۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دونوں محکمے ایک باضابطہ مفاہمت نامے پر دستخط کریں گے جس میں کئے گئے فیصلوں کے ہم آہنگی سے عمل درآمد کے لئے روڈ میپ کا خاکہ بنایا جائے گا۔دورانِ میٹنگ جانکاری دی گئی کہ کہ قبائلی امور کا محکمہ سینٹرل وول ڈیولپمنٹ بورڈ کے ساتھ مل کر ایک اور اہم منصوبے پر کام کر رہا ہے جہاں کوآپریٹو سوسائٹیوں کو اون اور دیگر مصنوعات کی مارکیٹنگ اور فروغ کے لئے بہتر فائدہ دیا جائے گا۔ مزید یہ کہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ سے کاریگروں کی شناخت کی جائے گی جنہیں ٹریفائیڈ میں شامل کیا جائے گا۔میٹنگ میں رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز محمد اکبر وانی ، سیکرٹری قبائلی امور محمد ہارون ، ڈائریکٹر قبائلی اَمور مشیر احمد مرزا ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ڈپٹی رجسٹر ار وں اور دونوں محکموں کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔










