قطر کے لوسیل سٹیڈیم میں منگل کی رات ارجنٹائن اور کروشیا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل کا اہم مقابلہ ہو گا۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہو گا۔بدھ کو دوسرا سیمی فائنل مراکش اور فرانس کے درمیان ہو گا، لیکن اس سے پہلے لوگوں کی تمام تر توجہ ارجنٹائن اور کروشیا کے درمیان ہونے والے میچ پر ہے، جہاں لیونل میسی اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے کی کوشش کریں گے۔گزشتہ ہفتے فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کے دوسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے نیدرلینڈز کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کی ٹیموں نے میدان میں بھرپور مقابلہ کیا اور تماشائیوں کو اپنے بہترین کھیل سے محظوظ کیا تھا۔مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔ جس کے بعد کھیل اضافی 30 منٹس تک کھیلا گیا، تاہم کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی۔میچ کا نتیجہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر نکلا جہاں ارجنٹائن نے نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔دوسری جانب کروشیا نے سابق دفاعی چیمپیئن برازیل کو پہلے کوارٹر فائنل میں شکست سے دوچار کر کے ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔پہلے کوارٹر فائنل میں کروشیا کے کھلاڑیوں نے برازیل جیسی بڑی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہرا دیا تھا۔










