سری نگر //وائس چانسلر شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ( سکاسٹ ) کشمیر پروفیسر نذیر احمد گنائی نے آج سکاسٹ کشمیر میں پندرہ روزہ فاؤنڈیشن کم اورنٹیشن پروگرام کا اِفتتاح کیا ۔ اِس موقعہ پرکمشنر سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سوربھ بھگت مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجودتھے ۔ اس پروگرام کا مقصد طلباء کو پیشہ وارانہ تعلیم کے یونیورسٹی کے نظام سے متعارف کرانا تھا جس میں مختلف پیشہ وارانہ ڈگری پروگراموں کیلئے سکاسٹ کشمیر کے تحت مختلف فیکلٹیز میں 700 نئے داخل ہونے والے طلباء شامل تھے ۔ یہ پروگرام اگلی پود کیلئے واقفیت ، ترغیب ، ثقافت ، کاروبار اورہنر کی نشو و نما کا امتزاج تھا ۔ مختلف موٹیویشنل مقرر، مشہور شخصیات اور سول سوسائٹی کے ممبران اس پروگرام میں حصہ لیں گے تا کہ شرکاء کو اس شعبے میں اپنے تجربے اور ہنر سے روشناس کیا جا سکے ۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے افسران ، سائنسدانوں اور طلباء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے اِنعقاد کا مقصد طلباء کو اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور ان کو بروئے کار لانے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔ پروفیسرنذیر احمد گنائی نے مزید کہا کہ ہمارے افسران اور سائنسدانوں کی انتھک محنت کی وجہ سے ہم نئی تعلیمی پالیسی کوعملانے میں سرفہرست ہیں جو کہ باقی زرعی یونیورسٹیوں کیلئے مشعل راہ ہو گا ۔ اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے اَپنے خیالا ت کا اِظہار کرتے ہوئے اَپنے یونیورسٹی کے دنوں کو یاد کیا اور طلباء سے کہا کہ وہ اَپنے علم اور ہُنر کو قوم کی ترقی کیلئے اِستعمال کریں ۔ اِس سے قبل ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر ایم اے اے صدیقی نے پندرہ روزہ اورنٹیشن پروگرام کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی۔پروگرام کے دوران ہارٹی کلچر فیکلٹی کے طلباء نے ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔










