چیف سیکرٹری نے 33ویں سینئر نیشنل ٹینس بال کرکٹ چمپئن شپ کا اِفتتاح کیا

جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ایم اے سٹیڈیم میں 33 ویں سینئر نیشنل ٹینس بال کرکٹ چمپئن شپ کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموںوکشمیر یوٹی کھیل شائقین کے لئے عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ بنانے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ جموںوکشمیر میں قومی اور بین الاقوامی چمپئن شپ کے شاندار ایونٹوں کومنعقد کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی تقریبات یقینی طور پر نوجوانوں میں اُبھرتی ہوئی کھیل صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے بہترین مواقع فراہم کرتی ہیں۔ڈاکٹرارون کمار مہتا نے کہا کہ انتظامیہ نے اس برس تقریباً 50 لاکھ نوجوانوں کو جموں و کشمیر کے طول و عرض میں اپنی کھیلوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ ہر پنچایت میں کھیل میدان اور ہر ضلع میں کم سے کم ایک اِنڈور سٹیڈیم کا ہونا ایک حقیقت بن گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے بہت سے سٹیڈیموںکو فلڈ لائٹس اور مصنوعی ٹرف فراہم کئے جاتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سری نگر کے ڈاون ٹاون جیسے علاقوں اور دیگر اضلاع میں نوجوانوں کو ایسے مقامات پر دیر تک کھیل کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا کلچر فروغ پارہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان ہو یا بوڑھے ہر فرد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنی توانائی کو بہتر اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف منتقل کرنے کے لئے کھیل یا ثقافت کو اپنائے۔ڈائریکٹرامورِ نوجوان و کھیل کود نے نے کہا کہ سپورٹس کونسل اور جے اینڈ کے ٹینس بال ایسوسی ایشن شاندار شہر کے سٹیڈیم میں 8 سے 11 ؍دسمبر تک 33ویں قومی چمپئن شپ کے اِنعقاد کے لئے کافی سرگرم ہے۔سیکرٹری سپورٹس کونسل نے سپورٹس کونسل کے ’’ مائی یوتھ مائی پرائیڈ‘‘ اقدام کے تحت منعقد ہونے والی 4روزہ چمپئن شپ کا خطبہ اِستقبالیہ پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ چمپئن شپ میں ملک کی 36مرد اور 28خواتین ٹیموں کی شرکت کی تصدیق ہوتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِفتتاحی تقریب میں 28ریاستوں سے تقریباً 1,000 کھیل اَفراد نے حصہ لیا جن میں 8یوٹیز بھی شامل ہیں۔اِس بات کی نشاندہی کی گئی کہ اِس عظیم الشان میلے کا اِنعقاد کھلاریوں کو صحت مندانہ مقابلہ فراہم کرنے کے لئے کیا جارہا ہے تاکہ وہ اَپنی استعداد کا مظاہرہ کر سکیں اور ان کی کھیلوں کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔چمپئن شپ کے شرکأ کی جانب سے منصفانہ کھیل اور منشیات کے اِستعمال کے خلاف عہد بھی لیا گیا۔ اِفتتاحی تقریب کی نظامت ورکنگ جموںوکشمیر ٹینس بال کرکٹ ایسو سی ایشن اور جنرل سیکرٹری ٹینس بال کرکٹ فیڈریشن نے مشترکہ طور پر اَنجام دیں۔اِس موقعہ پر سپورٹس کونسل کے ممبران ، جنرل سیکرٹری ٹینس بال کرکٹ فیڈریشن ، چیئرمین ٹینس بال کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ ساتھ فیڈریشن کے دیگر سینئر ممبران اور جموںوکشمیر سپورٹس کونسل اور یوتھ سروسز ایند سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران موجود تھے۔