farooq abdullah and omar abdullah

ڈاکٹر فاروق دوبارہ نیشنل کانفرنس کے صدر منتخب

سری نگر//جموں وکشمیرکی سب سے پرانی اور بڑی مین اسٹریم جماعت نیشنل کانفرنس کے تنظیمی (صدارتی)انتخابات نے اُسوقت ایک ڈرامائی موڑلیا ،جب عمر عبداللہ نے پارٹی صدارت کیلئے ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے سے معذوری ظاہرکی یاکہ انکار کیا۔جے کے این ایس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے بانی مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے117ویں یوم پیدائش کے موقعہ پر پارٹی کے نئے صدرکاانتخاب عمل میں لانے کیلئے الیکشن کیاگیا۔حال ہی میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جانب سے پارٹی کے صدارتی الیکشن میں اسبار حصہ نہ لینے کے اعلان کے بعداسبات کاقوی امکان تھاکہ اس بار عمرعبداللہ کوپارٹی کانیا صدر منتخب کیاجائے گا۔لیکن اس سارے عمل نے اُسوقت ڈرامائی موڑلیاجب عمر عبداللہ نے پارٹی صدارت کیلئے ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے سے معذوری ظاہرکی یاکہ انکار کیا۔نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمدساگر نے کہاکہ صدارتی عہدے کیلئے کاغذات یا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تک صرف ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی نامزدگی موصول ہوئی ہے۔ساگر نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی انتخابات پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ علی محمد ساگر نے کہا کہ فاروق عبداللہ کی حمایت میں کشمیر سے کل 183، جموں سے 396 اور لداخ سے25 تجاویز موصول ہوئیں۔85 سالہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو یہاں نسیم باغ میں پارٹی کے بانی شیخ محمد عبداللہ کے مزار کے قریب منعقدہ نیشنل کانفرنس کے ڈیلیگیٹ اجلاس میں متفقہ طور پر پارٹی کا سربراہ منتخب کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر فاروق نے حال ہی میں اپنی صحت کی وجہ سے عہدے سے دستبردار ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اس کے بعد پارٹی نے صدارتی انتخاب کے عمل کو حرکت میں لایا اور کہا کہ نئے صدر کا انتخاب پارٹی کے ڈیلیگیٹ اجلاس میں کیا جائے گا۔نیشنل کانفرنس کے آخری صدارتی انتخابات پانچ سال پہلے ہوئے تھے۔