سری نگر//کم وبیش ایک ماہ سے جاری خشک موسمی صورتحال،مطلع صاف رہنے اور صبح وشام کے وقت چھانے والی گہری دُھند اور کہرے کے بیچ کشمیروادی میں جاری سردی کی لہر شدیدہوگئی ہے ۔اتوار اورپیر کی درمیانی رات سری نگرمیں رواں موسمی سرماکی سردترین رات رہی ،کیونکہ شبانہ درجہ حرارت منفی3.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔تاہم کشمیرمیں پانپور اوراونتی پورہ سردترین مقامات رہے ،کیونکہ دونوں جگہوں پر رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی5ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا جبکہ پہلگام اور گلمرگ بالترتیب منفی4.4اور3.2ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ دوسرے سردترین مقامات رہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے 6سے8دسمبر کے درمیان شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے پھر کہاہے کہ9اور10دسمبر کوشام سے ہلکی سے درمیانی برف باری کا امکان ہے۔جے کے این ایس کے مطابق اتوار اورپیر کی درمیانی رات پوری کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں تیزی کیساتھ کئی کئی ڈگری سینٹی گریڈ تنزلی واقعہ ہوئی ،اور سری نگر سمیت بیشتر مقامات پر درجہ حرارت معمول سے کئی کئی ڈگری سینٹی گریڈ کم رہا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیرکی درمیانی رات ریکارڈ شدہ درجہ حرارت کے بارے میں بتایاکہ سری نگرمیں شبانہ پارہ منفی3.4ڈگری سینٹی گریڈدرج ہوا۔محکمہ ھٰذاکے ایک ذمہ دار نے مزید بتایاکہ اتوار اور پیرکی درمیانی رات قاضی گنڈمیںمنفی3.4ڈگری سینٹی گریڈ،پہلگام میں منفی 4.4ڈگری سینٹی گریڈ،کپوارہ میںمنفی2.7ڈگری سینٹی گریڈ،کوکرناگ میںمنفی1.4ڈگری سینٹی گریڈ،گلمرگ میںمنفی3.2ڈگری سینٹی گریڈ،پانپورمیں5.0ڈگری سینٹی گریڈ،اونتی پورہ میںمنفی5.0ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا۔۔اُدھر جموں صوبے میں بھی درجہ حرارت میں کمی آنے کی وجہ سے سردی کی شدت محسوس کی جارہی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیرکی درمیانی رات جموں میں کم سے کم درجہ حرارت8.1، کٹرا میں8.2، بٹوٹ 3.3، بانہال میں منفی0.6 اور بھدرواہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ریکارڈکیاگیا۔اس دوران محکمہ موسمیات کے مطابق خشک موسم اور دھندلی صبح اور شام کی وجہ سے، ہم جموں و کشمیر میں اگلے24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی کی توقع کر رہے ہیں۔تاہم محکمہ موسمیات نے خبردارکیاہے کہ 6سے8دسمبر کے درمیان شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی آنے کاامکان ہے ۔تاہم محکمہ موسمیات نے کہاکہ 9دسمبر سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کے بعد سردی کی شدت میں کمی آسکتی ہے ۔ موسمیاتی ماہرین نے بتایاکہ8دسمبر تک کشمیرمیں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کاامکان ہے تاہم 9دسمبر سے کشمیر کی موسمی صورتحال میں تبدیل آنا شروع ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ 9دسمبر اور10دسمبر کوشام کے وقت سے میدانی علاقوں اور زیریں علاقوں خاص طور پر کشمیر کے شمالی، شمال مغربی، وسطی علاقوں اور جنوبی کشمیرمیں ہلکی برفباری، درمیانی اور اونچی جگہوں پر ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔










