اگلے72 گھنٹے موسم خراب رہنے کا امکان :محکمہ موسمیات

کشمیرمیں شبانہ درجہ حرارت میں تنزلی برقرار

سری نگر//جموں و کشمیر میں سردی کی صورتحال برقرار ہے کیونکہ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔تاہم دوران شب شوپیان منفی 3.9ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ سردترین مقام رہاجبکہ پہلگام ،کپوارہ ،اننت ناگ ،قاضی گنڈ اوردیگر مقامات پر بھی گزشتہ رات پارہ نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈکیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ سری نگرمیں حالیہ 2دہائیوں کے دوران 28نومبر2007کو رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی4.8ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا تھا ،اوراسکے10برس بعدسال2017میں23نومبر کی رات کوکم سے کم درجہ حرارت منفی3.1ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا تھا۔جے کے این ایس کے مطابق حالیہ کئی دنوں سے جاری خشک موسم اورآسمان صاف رہنے کی وجہ سے پوری کشمیر وادی میں راتیں سردسے سردترین ہوتی جارہی ہیں جبکہ صبح اورشام کے وقت چلنے والی یخ بستہ ہوائیں بھی اہلیان وادی کو سخت ستارہی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے جمعے کی صبح بتایا کہ سری نگر میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شبکم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو سال کے اس وقت رہنے والے معمول کے درجہ حرارت سے 1.5ڈگری سینٹی گریڈ کم کم تھا۔انہوںنے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہاکہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2ڈگری سینٹی،پہلگام میں منفی3.6،گلمرگ میں زیرئو ،کپوارہ میں منفی2.4،کوکرناگ میں منفی0.5،شوپیان میں منفی3.9،اننت ناگ میں منفی2.0،بارہمولہ میں منفی 0.9اور وادی میں دیگر مقامات پر بھی رات کاکم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیاگیا۔اُدھر جمعے کے روز حالیہ دنوں کی طرح سے دھوپ چھائوںکاکھیل دن بھر جاری رہاجبکہ بیشتر وقت سورج بادلوں سے نکلنے کی کوشش کرتاتھا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے24 کے لیے بنیادی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے اورساتھ ہی کہا کہ ماہ نومبر کے آخر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔